پی ٹی آئی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں زرعی انقلاب برپا کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 20 دسمبر 2018 16:55

پی ٹی آئی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں زرعی انقلاب برپا کرنے ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اکثریتی آبادی کا روزگارپاکستان میں زراعت سے وابستہ ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں زرعی انقلاب برپا کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا شہر اقبال سیالکوٹ کو صنعتی شہر کی شناخت سے پہچانتی ہے جبکہ یہ شہر صنعتی سے زیادہ زرعی شہر ہے۔ سیالکوٹ کی گندم ،چاول،گنا ، مکئی،آلو اور ٹماٹر وغیرہ وہ اجناس ہیں جن کا مقابلہ پوری دنیا میں کوئی خطہ نہیں کر سکتا۔سیالکوٹ میں اُگائی جانے والی زرعی اجناس پھل سبزیاں اور جانوروں کا چارہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ وافر مقدار میں ایکسپورٹ کیا جاتا ہے جو کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کسان کی سرپرستی کر کے کسان کو معاشی خود کفیل بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کسانوں کو زیادہ فصل اور پیداوار حاصل کرنے کے لیے جدید سائنسی مہارتیں فراہم کرنے جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی سفارشات پہ عمل کر کے کسان بہتر منافع حاصل کر سکیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کے ملازمین وافسران اپنے دفاتر میں بیٹھ کر وقت ضائع نہ کریں بلکہ دفتر سے باہر نکل کر کسان کے پاس کھیت میں جائیں اور کسان کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار حاصل کریں۔