ملیر میں جدید لائبریریوں کا قیام عمل میں لائیں گے، جان محمد بلوچ

پیر 31 دسمبر 2018 18:14

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ کتاب انسانی زندگی کی بہترین رفیق اور رہنما ہے، آج کے جدید دور میں فیس بک، ٹویٹر اور سماجی رابطوں کے تیز ترین ذرائع میسر ہونے کے باوجود کتاب کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سردار عبدالرب نشتر لائبریری مظفر آباد یونین کمیٹی نمبر 3 کے دورے کے موقع پر لائبریری کی تزئین وآرائش کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اِس موقع پر چیئرمین یونین کمیٹی احسان اللہ ٹھکروی، وائس چیئرمین ملک محمد تاج و دیگر موجود تھے۔ جان محمد بلوچ نے کہا کہ بلدیہ ملیر میں جدید اور مثالی لائبریریوں کا قیام عمل میں لائیں گے تاکہ طلبہ و طالبات اور شائقین کُتب اپنے ذوق اور خواہش کے مطابق حصولِ علم کے بہتر مواقع سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کُتب بینی انسانی شعور کو نکھارتی ، حیاتِ انسانی کے تمام تر پہلوئوں کی رہنمائی کتاب سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر میں غیر فعال لائبریریوں کو فعال بنایا جائے، لائبریریوں کے اطراف کے رہائشیوں کے ذوق وشوق کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لائبریریوں میں کتابوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے، لائبریریوں میں علمی، ادبی، تفریحی، معلوماتی، دینی اور دیگر شعبہ جات پر مشتمل کتابوں کی موجودگی کیلئے علاقائی نمائندگان و معززین کی مشاورت حاصل کی جائے۔