Live Updates

شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوںکی کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے ملاقاتیں

اہل خانہ نواز شریف کیلئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ہمراہ لیکر آئے ،والدہ بیٹے سے گلے لگ کر آبدیدہ ، دعائیں دیتی رہیں مریم نواز ،پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف احتساب عدالت کے فیصلے پر اپیل، مجموعی سیاسی صورتحال ،پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا ‘ ذرائع الحمداللہ نواز شریف ٹھیک ہیں انکے حوصلہ بلند ہیں ،نیک خواہشات اور دعائوں میں یاد رکھنے والوں کی شکر گزار ہوں ‘مریم نواز کا ٹوئٹ ملاقات کیلئے لیگی کارکنان بھی کوٹ لکھپت جیل پہنچے ،اجازت نہ ملنے پر جیل کے باہر ہی نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے

جمعرات 3 جنوری 2019 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) شریف خاندان کے افراد اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوںنے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، اہل خانہ نواز شریف کیلئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ہمراہ لے کر آئے ، مریم نواز اور پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں احتساب عدالت کے فیصلے پر اپیل، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال اور مستقبل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے حکام کی جانب سے العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے اہل خانہ ، رشتہ داروں ،دوستوں اور پارٹی رہنمائوں کی ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ، حمزہ شہباز ،کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر اہل خانہ نے ان سے ملاقات کیں۔

اہل خانہ ان کے لئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی ساتھ لائے جو ان کے حوالے کیا گیا ۔اہل خانہ نے کھانا ساتھ میں کھایا ۔ ذرائع کے مطابق والدہ نے نواز شریف کو اپنے گلے سے لگایا اور وہ آبدیدہ ہو گئیں اور انہیں دعائیں دیتی رہیں۔باقی اہل خانہ بھی نواز شریف سے گلے ملے اور اس موقع پر جذباتی مناظر تھے ۔ملاقات کیلئے مقررہ وقت کے بعد اہل خانہ واپس روانہ ہو گئے ۔

علاوہ ازیں پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ ظفر الحق ،سردار ایاز صادق ،محمد زبیر ،رانا تنویر ،خرم دستگیر ،سائرہ افضل تارڑ اور پرویز ملک سمیت دیگر نے بھی پارٹی قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی اوران سے یکجہتی کا اظہا رکیا ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر احتساب عدالت کے فیصلے پر اپیل دائر کرنے ، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

نواز شریف سے ملاقات کے لیے لیگی کارکنان بھی کوٹ لکھپت جیل پہنچے تاہم اجازت نہ ملنے پر جیل کے باہر ہی نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ ابھی ابھی جیل میں نواز شریف سے ملکر آئی ہوں ،الحمداللہ نواز شریف ٹھیک ہیں اور انکے حوصلہ بلند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیک خواہشات اور دعائوں میں یاد رکھنے والوں کی شکر گزار ہوں ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات