پاکستان نے 53سالہ بھارتی شہری کو رہا کر دیا

جمعہ 11 جنوری 2019 19:35

پاکستان نے 53سالہ بھارتی شہری کو رہا کر دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) پاکستان نے 53سالہ بھارتی شہری کو رہا کر دیا ۔بھارتی شہری نے 2001ء برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون سے ٹیلی فون پر نکاح کیا اور2001میں اس سے ملنے کراچی آیاتھا۔پاکستان کی طرف سے بھارتی شہری افضل احمد کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ افضل احمد کے مطابق وہ دہلی کا رہائشی ہے اور وہاں جوتوں کی ایک بڑی دکان میں کام کرتا تھا ، اس کی برطانیہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون مسرت قریشی سے سوشل میڈیا پردوستی ہوئی جس کے بعد دونوں کا ٹیلی فون پر نکاح ہوگیا۔

وہ 8 ستمبر2001کو دوستی بس کے ذریعے سے دہلی سے لاہور آیا اور یہاں سے کراچی چلا گیا جہاں مسرت قریشی کی فیملی مقیم تھی، افضل کے مطابق مسرت قریشی نے برطانیہ میں بھی ایک شادی کررکھی تھی ، اسے ایک ماہ کا ویزہ ملا تھامگرویزہ ختم ہونے کے بعد وہ واپس بھارت جانے کی بجائے کراچی میں ہی مقیم ہوگیا۔

(جاری ہے)

افضل نے بتایا کہ وہ 2014 تک کراچی میں مقیم رہا ، ا س دوران اس کی بیوی صرف چار، پانچ ماہ ہی اس کے پاس رہی اور پھرواپس برطانیہ چلی گئی - 2015 میں اس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وہ اب واپس نہیں آئے گی جس کے بعد مایوس ہوکرلاہور آگیا جہاں سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔

افضل کے مطابق اسے چار ماہ کی سزاہوئی تھی جو 2 جولائی 2016میں مکمل ہوگئی مگربھارت کی طرف سے اس کی شہریت کی بروقت تصدیق نہ ہونے کے باعث اس کی رہائی میں تاخیرہوئی ہے اوراسے اب 11 جنوری کو رہا کیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ26دسمبرکو بھارت نے بھی کراچی کے رہائشی ایک پاکستانی شہری عمران وارثی کو رہا کیا تھا جو ایک بھارتی خاتون سے شادی کے بعد وہیں مقیم ہوگیا اورپھراسے گرفتارکرلیاگیا تھا،عمران وارثی کو دس سال بعد رہائی نصیب ہوئی تھی ، اس کے بیوی بچے اب بھی بھارت میں ہی مقیم ہیں۔