رواں سال ہونے والے پہلے نیشنل بیچ گیمز کو عالمی معیار کے مطابق آرگنائز کیا جائے گا

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن کی پریس کانفرنس

پیر 14 جنوری 2019 23:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے کہا ہے کہ رواں سال کراچی میں ہونے والے پہلے نیشنل بیچ گیمز کو عالمی معیار کے مطابق آرگنائز کیا جائے گا جس میں غیر ملکی ٹیموں اور دنیائے کھیل سے وابستہ معروف شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا، بیچ گیمز کو پاکستان میں ہونے والے سیف گیمز سے بھی بہتر انداز میں منعقدکرائیں گے اس ضمن میں حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا، ہمارا عزم ہے کہ کھیلوں کے حوالے سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا میں جائے اور ملک میں زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی او اے ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن سیّدوسیم ہاشمی، پی او اے کے میڈیا ایڈوائزر آصف عظیم اور سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرپرسن تہمینہ آصف بھی موجود تھیں۔ جنرل عارف حسن نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نجی ادارہ قراردئیے جانے کے بعد پی او اے سے سرپرست (پیٹرن ان چیف) کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے پی او کے ملک میں کھیلوں کی ترقی اور فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ویژن 2020ء کے مطابق پی او اے کے آئین میں ترامیم کی گئی ہیں جس میں خاص طور پر نیشنل اولمپک کمیٹی میں مرد اور خواتین ممبرز کو مساوی مواقع فراہم کرنا، ڈوپنگ ٹیسٹ، کھیلوں کے دوران خواتین کیلئے حفاظتی اقدامات اور ماحولیات پرکام کرنا ہے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کیس فیفا دیکھ رہی ہے وہ جسے بھی نمائندگی کا حق دے گی وہ پی و اے کا حصہ ہوگا۔

نیشنل گیمز کے حوالے سے کئے گئے سوال پر جنرل عارف حسن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گیمز کے وینیوز پر انفرا اسٹرکچر کی بہتری کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے ہم نے سیکریٹری اسپورٹس بلوچستان کو آگاہ کردیا ہے بہت جلد کوئٹہ جاکر اب تک کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ کھیلوں کی بہتری کیلئے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بنائی گئی ٹاسک فورس کے حوالے سے جنرل عارف حسن نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے ابھی ٹاسک فورس اپنا ہوم ورک مکمل کر رہی ہے جس کے بعد جیسے ہی ہم سے رابطہ کیا جائے گا اپنی تجاویز انہیں دیں گے تا کہ ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔