مسلم لیگ (ن) این آر او مانگنے کے الزامات کو مسترد کرتی ہے، سینیٹر آصف کرمانی

ملک کے وسیع تر مفاد میں فوجی عدالتوں بارے فیصلہ کرینگے، مناسب سمجھا تو بل کی حمایت کی جائیگی، صحافیوں سے گفتگو

منگل 15 جنوری 2019 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) این آر او مانگنے کے الزامات کو مسترد کرتی ہے ،ملک کے وسیع تر مفاد میں فوجی عدالتوں بارے فیصلہ کرینگے، مناسب سمجھا تو بل کی حمایت کی جائیگی۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بار بار این آر او کی بات کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

سوال یہ ہے کہ این آر او کون مانگ رہا ہے، کیا کسی کو این آر او دینے کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے جو لوگ این آر او مانگ رہے ہیں ان کا نام سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس طرح کے الزامات کو پہلے بھی مسترد کیا اور اب بھی مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کے وسیع تر مفاد میں فوجی عدالتوں کے حوالے سے اپنا فیصلہ کریگی اگر مناسب سمجھا تو بل کی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔