بورڈ بازار میں تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن

منگل 15 جنوری 2019 23:18

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر ٹائون فور شہباز خٹک ، ٹی او آر ٹائون تھری اور ٹائون فور سٹاف کے ہمراہ بورڈ بازار میں عارضی تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران سڑک ،فٹ پاتھ اور دکانوں سے باہر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا اور موقع سے تجاوزات قائم کرنے پر 27 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔ جبکہ قریبی ریلوے ٹریک پر قائم عارضی اور مستقل تجاوزات کو بھی ہٹا دیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر ٹائون فور اور ٹائون انتظامیہ کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر بورڈ بازار میں تجاوزات مافیاکے خلاف کاروائی کی جائے اور بالخصوص شام کے اوقات میں بھی ان پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ٹریفک روان دوان ہو اور عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔