ارشد وارثی راجکمار ہیرانی کی حمایت میں بول پڑے

راجکمار ہیرانی پر جنسی ہراسانی کا الزام میرے نزدیک ناقابل قبول ہے‘ارشد وارثی

بدھ 16 جنوری 2019 11:56

ارشد وارثی راجکمار ہیرانی کی حمایت میں بول پڑے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) اداکار ارشد وارثی جنسی ہراسانی کے الزام کا سامنا کرنے والے بالی ووڈ ہدایت کار راجکمار ہیرانی کی حمایت میں بول پڑے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی نے کہا ہے کہ میرے لیے اس وقت بغیر کسی نتیجے کے اس موضوع سے بات کرنا یا کسی کے بارے میں رائے کا اظہار کرنا بہت ہی غلط ہوگا کیوں کہ مجھے اس کیس کے حوالے سے کوئی علم نہیں حتیٰ کہ مجھے ابھی یہ بھی نہیں پتا کہ یہ الزام کتنا سچ ہے اور کس قدر قابل اعتبار ہے۔

(جاری ہے)

ارشد وارثی نے کہا کہ جنسی ہراسانی کے معاملے کی باقاعدہ طور پر ہر زاویئے سے تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن اگر ذاتی طور پر راجکمار ہیرانی سے متعلق میری رائے پوچھی جائے تو وہ ایک حیرت انگیز آدمی اور محبت کرنے والے شخص ہیں اور میری جتنے عرصے اٴْن سے وابستگی رہی ہے تو آج تک میں نے انہیں کچھ بھی غلط کرتے ہوئے نہیں دیکھا، اٴْن پر جنسی ہراسانی کا الزام میرے نزدیک ناقابل قبول ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے راجکمار ہیرانی پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیرانی نے انہیں فلم ’’سنجو‘‘کی تیاری کے دوران تقریباً 6 ماہ تک ایک سے زائد بار جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :