تنخواہوں کی عدام ادائیگی پر ہڑتال کا مطالبہ کرنے والا ٹیچر حوثیوں کے ہاتھوں اغوا

علیان کے اہل خانہ حوثیوں کو یقین دہانی کی کوشش کر رہے ہیں وہ آئندہ مطالبہ نہیں دہرائے گا،ذرائع

بدھ 16 جنوری 2019 13:19

تنخواہوں کی عدام ادائیگی پر ہڑتال کا مطالبہ کرنے والا ٹیچر حوثیوں کے ..
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) یمن کے مغربی صوبے المحویت میں حوثی ملیشیا نے ایک اسکول ٹیچر کو اغوا کر لیا۔ مذکورہ ٹیچر نے تمام ٹیچروں سے مطالبہ کیا تھا کہ جب تک انہیں ستمبر 2016 سے روکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کر دی جاتی وہ تدریسی عمل کی ہڑتال کر دیں۔ یمنی میڈیا نے صوبے میں تعلیم و تربیت کے محکمہ کے ایک خاص ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ حوثیوں نے المحویت ضلع میں واقع النصر اسکول کے ٹیچر بلال علیان کو بلا کر فیس بک پر ایک پوسٹ کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔

(جاری ہے)

اس پوسٹ میں بلال علیان نے تمام استادوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کے طور پر ہڑتال کر دیں۔ حوثیوں نے بلال علیان کو روپوش کر دیا اور وہ اس دن کے بعد اپنے گھر نہیں لوٹا۔ علیان کے اہل خانہ حوثیوں کو یقین دہانی کی کوشش کر رہے ہیں کہ علیان آئندہ تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ نہیں دہرائے گا۔یمن کے عارضی دارالحکومت عدن میں وزارت تعلیم نے اس امر کی تصدیق کی تھی کہ حوثی جماعت اٴْن ماہانہ مالی رقوم کی تقسیم میں رکاوٹ بن گئی جن کو اقوام متحدہ کے تعاون سے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں استادوں کی واجب الادا تنخواہوں کے طور پر پیش کیا جانا تھا۔