ملک کی خراب اقتصادی صورتحال کی ذمہ دار (ن) لیگ کی سابقہ حکومت ہے، شاہد رشید بٹ

بدھ 16 جنوری 2019 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک کی خراب اقتصادی صورتحال کی ذمہ دار (ن) لیگ کی سابقہ حکومت ہے ،موجودہ حکومت ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچا نے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے جس میں وہ کامیاب ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں ایک بیان میں شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے افراط زر، قرضوں کا پہاڑ، روپے کی قدر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر کا نہ بڑھنا سابقہ حکومت کا تحفہ ہے جس سے موجودہ حکومت خراب اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے جس میں کامیابی انکا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی محاصل سے ہونے والی آمدنی میں ایک سو ستر ارب روپے کی کمی آئی ہے جبکہ دیگر مشکلات اسکے علاوہ ہیں جسکی وجہ سے منی بجٹ مجبوری بن گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ منی بجٹ سے غریب طبقے پر اثر نہیں پڑے گا ، غیر ضروری درآمدات پر ڈیوٹی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنا آسان بنایا جائے تاکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ کے بغیر نہ حکومت کی آمدنی بڑھے گی نہ عوام کو روزگار ملے گا۔