آئی جی جیل خانہ جات کا سنٹرل جیل فیصل آباد میں قیدی ساتھیوں کے مبینہ تشدد سے عمر قید کے مجرم کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم،ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن سے فوری رپورٹ طلب

بدھ 16 جنوری 2019 15:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے سنٹرل جیل فیصل آباد میں قیدی ساتھیوں کے مبینہ تشدد سے عمر قید کے مجرم کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،اس ضمن میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن سے فوری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ 45 سالہ قیدی محمد رمضان ولد فیض محمد پولیس تھانہ شور کوٹ کینٹ کے مقدمہ نمبر 6/14 زیر دفعہ 302/34 میں گرفتار ہو کر سنٹرل جیل فیصل آباد میں عمر قید و 5 لاکھ جرمانہ کی سزا بھگت رہا تھا کہ گزشتہ روز جیل کی بیرک نمبر 1 میں بستر کے حصول کے معاملہ پر اس کا اپنے ساتھی قیدیوں آصف ، شان علی ، وسیم ، سجاد ، راشد وغیرہ کے ساتھ جھگڑا ہو گیا،اس دوران گتھم گتھا ہوتے ہوئے محمد رمضان کو گہری چوٹ لگی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ جیل حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقتول کی لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈہسپتال فیصل آباد کے مردہ خانے بھجوا دی گئی جس کی رپورٹ پر مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم جیل حکام کا کہنا ہے کہ محمد رمضان کی موت لڑائی جھگڑے کی وجہ سے نہیں بلکہ اچانک گرنے کے باعث کاری ضرب سے واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے پر موت کی وجوہات کا علم ہونے کے بعد مزید قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب متوفی محمد رمضان کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی موت جیل میں مبینہ تشدد سے واقع ہوئی ہے۔انہوںنے اعلیٰ حکام سے قانون و انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم و ضروری قانونی کاروائی کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔