پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک مظہرعباس راں انتقال کرگئے

بدھ 16 جنوری 2019 17:56

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) پی پی 2018 سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک مظہر عباس راں بدھ کے روز انتقال کرگئے۔ ان کی عمر65برس تھی۔ملک مظہر عباس راں کاشمار ملتان کے ان سیاستدانوں میں ہوتا تھا جنہوں نے طویل عر صہ عوام کی نمائندگی کی۔وہ یکم فروری1953ء کو ملتان میں پیداہوئے۔1978ء میںگورنمنٹ ایمرسن کالج سے بی اے کیا۔

مظہرعباس راں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔1988ء کے عام انتخابات میں وہ پی پی 166سے امیدوارتھے۔ تاہم ان کے مدمقابل شاہ محمود قریشی نے انہیں ہرایا۔اسی حلقے سے 1990ء کے انتخابات میں وہ پی ڈی اے کے امیدوارتھے۔اس مرتبہ بھی انہیں مخدوم شاہ محمودقریشی نے ہرایا۔پہلی مرتبہ وہ 1997ء کے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

2002ء کے انتخابات میںنئی حلقہ بندی کے بعد پی پی201سے وہ دوبارہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوارتھے تاہم ا نہیں پی پی پی کے امیدوار ملک ارشد راں نے ہرایا۔اسی حلقے سے 2008ء کے ا نتخابات میں وہ مسلم لیگ(ق)کے امیدوار بنے اورانہیں پی پی پی کے عباس راں نے شکست دی۔مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی حیثیت سے 2013ء کے الیکشن میں حصہ لیا اور پی پی پی کے امیدوارمرید حسین قریشی کو شکست دی۔2018 ء کے انتخابات میں یہی حلقہ پی پی218 قرارپایا اوریہاں سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔گزشتہ روز لاہور میں طبعیت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ان کی میت آج لاہور سے ان کے آبائی علاقے قادرپورراں لائی جائے گی۔