لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گزشتہ برس 20 لاکھ 62 ہزار ٹن فضلہ ٹھکانے لگایا

ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی 61500 شکایات کا ازالہ،غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر 12000سے زائد چالان، محمود بوٹی ڈمپ سائٹ کو پارک بنانے کیلئے 16ہزار پودے لگائے ، 400سے زائد صفائی آگاہی مہم کا انعقاد کیا، ایل ڈبلیوایم سی کی سالانہ کاردگی رپورٹ

بدھ 16 جنوری 2019 18:25

لاہور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ گزشتہ برس مجموعی طور پر متعدد کلین اپ آپریشنز میں20لاکھ62 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ ٹھکانے لگایا جبکہ صفائی کی ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی61500 شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہر میں غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر 2کروڑ3لاکھ کے 12000سے زائد چالان کئے گئے،کمیونٹی آگاہی پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں، مارکیٹوں، شاہرائوں اور تفریح گاہوں سمیت مختلف مقامات پر 400 سے زائد خصوصی صفائی و آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کو صفائی پر آگاہی دی گئی۔

ایل ڈبلیوایم سی نے سال2018 میں عید الاضحی ، عید الفطر، رمضان المبارک ،یومِ آزادی، ڈینگی مہم، صاف وسرسبز پنجاب مہم، مون سون، محرم الحرام، عید میلاد النبی، ارتھ ڈے، کرسمس، ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے سمیت تمام اہم مواقع پر صفائی انتظامات یقینی بنا کر صاف ستھرے ماحول کے قیام کے عہد کو برقرار رکھا جس پر اداروں و شہریوں کی جانب سے سراہا بھی گیا،مشہور فلم و ٹی وی سٹار افضل خان (جان ریمبو) اور انکی اہلیہ فلم سٹار صاحبہ کی عید الضحیٰ پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ خصوصی شرکت کی اور خود جھاڑو سمیت ویسٹ بیگز شہریوں میں تقسیم کئے، مزید براں ایل ڈبلیوایم سی کی کلین اینڈ گرین لاہور اور مربوط نظام ِ صفائی کی کاوشیں نئے سال میں داخل ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی نے سال2018 کے دوران متعدد اہم پراجیکٹس پر کامیابی حاصل کی جن میں محمود بوٹی ڈمپ سائٹ کی بحالیکے عمل کا آغاز کیا گیا اور اب تک 16000سے زائد پودے لگا ئے جا چکے ہیں جسکا مقصد 2016میں بند ہونے والی ڈمپ سائٹ کو پارک میں تبدیل کرنا ہے۔پاکستان کی پہلی لینڈ فل سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر 2500ٹن سے زائد کوڑے کرکٹ کو ماحول دوست انداز میں تلف کیا جا رہا ہے۔

شہر میں روزانہ پیدا ہونے والے 6000ٹن سے زائد کوڑاکرکٹ کو ماحول دوست انداز اور منافع بخش طریقے سے ٹھکانے لگانے کی حکمت ِ عملی پر بھی کام جاری ہے۔لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے گوالاکالونی رکھ چندرا ئے میں بائیوگیس پلانٹ لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیاہے اوراس سلسلے میں ماحولیاتی تحفظ ڈیپارٹمنٹ کو ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے جلد ہی سائٹ کا حصول متوقع ہے ۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا محمود بوٹی ڈمپ سائٹ سے میتھین گیس کاکامیاب اخر اج سال 2018کا ایک اور سنگ میل ثابت ہوا جس سے ایک محتاط اندازے کے مطابق کم از کم 7سی10سال تک میتھین گیس حاصل کی جاسکتی ہے، حاصل کردہ گیس کو ایل ڈبلیو ایم سی کی قریبی تنصیبات کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ منصوبے پر کا م پائلیٹ پراجیکٹ بنیادوں پر جاری ہے۔

کوڑاکرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کے لیے چائنہ کی کمپنی سے معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں۔چینی کمپنی نے لاہور میںپاور پلانٹ لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس سے کوڑاکرکٹ سے 40 میگا واٹ تک بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ اس سلسلے میں ایل ڈبلیو ایم سی چائینیز کمپنی کو 25کنال اراضی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2ہزار ٹن کوڑا کرکٹ بھی فراہم کرے گی۔ہسپتالوں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مارچ2018سے کام شروع کر دیا گیاہے ابتدائی طور پر چلڈرن ہسپتال میں دو عدد پلازمہ ٹیکنالوجی کے حامل انسنریٹر پلانٹ کی تنصیب کی گئی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر 3ٹن فضلے کو ماحول دوست انداز میں تلف کیا جارہا ہے ۔

اس سلسلے میں ابتدا میں چار ہسپتالوں سے ویسٹ اکھٹا کر کے تلف کیا جارہا ہے۔ اسی طرح آلائشوں سے توانائی کا منصوبہ سال2018 میں عید الاضحی کے موقع لاہور شہر میں قربان ہونے والے جانوروں کی 45000ٹن سے زائدآلائشوں کو لکھو ڈیر سائٹ پر نا صرف ٹھکانے لگایا گیا بلکہ ان آلائشوں سے توانائی حاصل کرنے کے لیے پہلے پائلٹ پراجیکٹ پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں آلائشوں کو ایک گڑھے میں دبا دینے کے بعد گیس حاصل کرنے کے مراحل اورضروری حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تقریباً 500مکعب میٹر 650BTUیا 3فٹ تک گیس حاصل ہو سکے گی ۔کمیونٹی موبلائزیشن پروگرام کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نئی مہموں کے آغاز کے ساتھ ساتھ کلین سٹریٹ گرین سٹریٹ مہم کو مزید آگے توسیع دی جائے گی اور یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی کو شامل کر کے صاف ترین کمیونٹی کے مقابلوں کا مزید علاقوں میں انعقاد کیاجائے گا اور ایل ڈبلیوایم سی کی کاوشوں کا ساتھ دینے والے افراد کی اسناد و انعامات سے حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ گزشتہ برس بھی ایل ڈبلیوایم سی نے ترک کمپنیوں، ضلعی اداروں، سماجی و انسانی حقوق کی تنظیموں کے اشتراک سے تعلیمی اداروں ،جامعات، مارکیٹوں، تفریح گاہوں اور شاہراہوں پر صفائی سے متعلق آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا اور شہریوں بالخصوص طلباو طالبات میں شعور بیدار کیا۔