سردی کا بخار مویشیوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے،

ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر

بدھ 16 جنوری 2019 19:53

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے مویشی پال حضرات کو خبردار کیاہے کہ سردی کا بخار مویشیوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے اس لیے رواں موسم میں جانوروں کو سردی اور فوگ سے بچانے کا مناسب بندوبست کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ فوگ فیور یا سردی کا بخار مویشیوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہو سکتا ہے تاھم احتیاطی تدابیر اختیار کر کے مویشیوں کو فوگ فیور سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ حالیہ موسم میں نمی والی برسیم اور سرسوں دھوپ میں خشک کر کے جانوروں کو چارے کے طور پر دی جائے ،سردیوں میں جانوروں کو رات کا کھڑا پانی ہر گز نہ پلایا جائے بلکہ دودھ دوہنے کے بعد جانور کو تازہ اور صاف پانی پلایا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ حاملہ اور دودھ دینے والے جانوروں کو یومیہ 100گرام گڑ کھلایا جائے تاکہ سردی کے اثرات زائل ہو سکیں ۔انہوںنے کہاکہ اس کے علاوہ مویشیوںکو شیڈول کے مطابق حفاظتی ٹیکے لگوانا ہر گز نہ بھولیں ۔