معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پبلک ہیلتھ سپلائی چین منصوبے کا افتتاح

بدھ 16 جنوری 2019 21:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے صوبے کے تمام ہسپتالوںکو ادوایات کی سپلائی کا نظام موثر بنانے اور ہسپتالوں میں معیاری ادوایات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پبلک ہیلتھ سپلائی چین منصوبے کا افتتاح کردیا ہے، منصوبہ صوبائی حکومت نے یوایس ایڈکے گلوبل ہیلتھ سپلائی چین پروکیورمنٹ اینڈ سپلائی مینجمنٹ پروگرام کے باہمی اشتراک سے شروع کیاہے،اس حوالے سے اسلام آباد میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کے علاوہ رکن قومی اسمبلی شوکت علی،صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل، مشیرصحت ڈاکٹر جواد واصف ،میڈیا کوآرڈی نیٹر دانیال خان اوردیگر ہیلتھ افسران اوریوایس ایڈکے نمائندوں نے شرکت کی، تقریب میں بتایا گیا کہ منصوبے کو ابتداء میں چار اضلاع چارسدہ، سوات، بونیر اور لکی مروت میں شروع کیاگیا ہے جبکہ اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی جسکے ذریعے ادوایات کی سپلائی میں درپیش مسائل کو دور کیا جاسکے گا، اس اقدام سے ایم ٹی آئیز سمیت ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور دیگر طبی مراکز میں ادوایات فراہمی یقینی بنائی جائے گی، وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے اس انیشیٹیو پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یوایس ایڈکے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے ادوایات سپلائی کا نظام مزید موثر اور تیز ہوگااور لوگوں کو ان کے قریبی ہسپتالوںمیں معیاری ادویات میسرآئیں گی، انہوںنے اس بات پر زوردیا کہ اس قسم کی اصلاحات موجودہ حکومت کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے نہایت ضروری ہیں تاکہ پرائمری، سکینڈری اور ایم ٹی ائیز سطح پرایک معیاری نظام کو رائج کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

صحت اصلاحات تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے تحت پرائمری سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں کا نظام بہتر بنایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ڈی ایچ کیو زاور ٹی ایچ کیوز میں ڈرگ اینڈ ڈیوائس انفارمیشن سسٹم کا ایک ایسا نظام متعارف کیاجائیگاجو اسلام آباد کے تدریسی ہسپتالوںمیں اسوقت نافذ ہے، انہوں نے بتایا کہ ان اصلاحات سے صوبے کے ڈاکٹروں کا ڈیٹا بیس معیاری بنانے کیساتھ ساتھ عوام اور حکومت کے درمیان دوریاں ختم ہوںگی اور ہیلتھ سروسز سے متعلق عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہوسکے گا۔

وزیرصحت نے صحت شعبے کی ترقی کیلئے سرگرم پارٹنرز او رڈونروز سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور صحت نظام کی بہتری میں حکومت کا ساتھ دیں۔تقریب سے سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر فاروق جمیل نے بھی خطاب کیا اور صحت شعبے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔