اراکین الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت کی بحالی تک قائمہ کمیٹی یا ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے، سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 17 جنوری 2019 13:46

اراکین الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت کی بحالی تک قائمہ کمیٹی یا ایوان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی قانون 2017ء کے سیکشن 137 کے تحت 72 اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ وہ کسی قائمہ کمیٹی یا ایوان کی کارروائی میں الیکشن کمیشن کی طرف سے رکنیت بحال ہونے تک حصہ نہیں لے سکتے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی قانون 2017ء کے سیکشن 137 کی ذیلی سیکشن ایک اور انتخابی قواعد 2017ء کی شق 137 کے ذیلی قاعدے ون کے تحت 15 جنوری تک اپنے اور اپنے اہل خانہ کے اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے 72 اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

ایسے اراکین جنہوں نے 15 جنوری تک یہ تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں وہ ایوان میں اپنے کارہائے منصبی انجام نہیں دے سکیں گے۔ وہ کسی قائمہ کمیٹی یا ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ یہاں تک کہ الیکشن کمیشن ان کی رکنیت بحال نہ کردے۔