طائف میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2افراد ہلاک

ان جان لیوا حادثات کے دوران16 افراد زخمی بھی ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جنوری 2019 17:49

طائف میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2افراد ہلاک
طائف(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری 2019ء) طائف میں مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ16 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پہلا حادثہ بیش الدرب کے قریب پیش آیا جس میں چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ جبکہ دو زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک شخص کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ایک اور ٹریفک حادثہ عطیف سے طائف جانے والی سڑک پر پیش آیا۔

جب ایک عرب خاندان کو لے جانے والی گاڑی تیز رفتاری کے باعث اچانک اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں خاندان کے 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جبکہ کچھ کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کی غرض سے مختلف ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثات تیز رفتاری کے باعث پیش آئے۔

مملکت میں پیش آنے والے حادثات کی اہم ترین وجوہات بے دھیانی سے ڈرائیونگ اور حدِ رفتار سے تجاوز کرنا ہے۔ اگرچہ حکومت کی جانب سے ان ٹریفک خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے بھاری جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں۔ مگر لوگوں کی بڑی تعداد ان ٹریفک خلاف ورزیوں کے بار بار ارتکاب سے باز نہیں آتی۔ مملکت میں ہر سال سینکڑوں افراد ٹریفک حادثات کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ جبکہ کئی افراد ہمیشہ کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔