چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے طبی فضلہ کی تلفی سے متعلق کیس کی تحقیقات نیب کو بھجوادیا

جمعرات 17 جنوری 2019 23:34

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے طبی فضلہ کی تلفی سے متعلق کیس کی تحقیقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے طبی فضلہ کی تلفی سے متعلق کیس کی تحقیقات نیب کو بھجواتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ کمپنی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کر رہی ہے، جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نجی کمپنی کی جانب سے فضلہ تلفی سے متعلق کیس کی سماعت کی ،اس موقع پرعدالت میں کمپنی کے حوالے سے فضلے کی تلفی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ یہ رپورٹ تو بڑی خطرناک ہے، یہ کمپنی فضلہ تلف کرنے کے بجائے بیچ رہی ہے ، بیماریوں سے بھرا فضلہ بیچ کر لوگوں کو مزید بیمار کیا جارہا ہے، ہم یہ معاملہ نیب کو بھجوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ رپورٹ کے مطابق علی ٹریڈرز کمپنی کو 100 سے 150 کلو طبی فضلہ فی گھنٹہ اٹھانے کی اجازت تھی، لیکن کمپنی فی گھنٹہ 400 سے 450 کلو فضلہ اٹھا رہی ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل نے مذکورہ معاملے پر نوٹس لیا تھا۔بعد ازاں عدالت تحقیقات نیب کے حوالے کرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کرکے 2 ہفتے میں عدالت کو رپورٹ پیش کی جائے بعدازاں مزید سماعت ملتو ی کردی گئی