مکّہ: پاکستانی خاتون غارِ حرا کی زیارت کے دوران جاں بحق

خاتون کی موت چوٹی سے لڑھکنے والا پتھر سر پر لگنے کے باعث ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جنوری 2019 11:37

مکّہ: پاکستانی خاتون غارِ حرا کی زیارت کے دوران جاں بحق
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری 2019ء) عمرے کی غرض سے آئی پاکستان ایک افسوس ناک واقعے کا شکار ہو کر زندگی سے محروم ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی معتمر خاتون مکّہ مکرمہ میں موجود تھی۔ جو حضورﷺ کی ذاتِ مبارکہ سے مخصوص غارِ حرا کے طواف کے لیے گئی۔ جہاں غار کی چوٹی سے ایک بھاری پتھر سرک گیا اور سیدھا نیچے موجود پاکستانی زائر خاتون کے سر پر جا لگا۔

جس کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ متوفیہ کی لاش کو قریبی اسپتال کے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ یہاں بتاتے چلیں کہ اس وقت عمرہ کی غرض سے لاکھوں پاکستانی سرزمینِ حجاز میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی معتمرین سرفہرست رہے۔

اس کے بعد انڈونیشیا، بھارت اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والوں کا نمبر آتا ہے۔ اس وقت بھی مدینہ منورہ اور مکّہ مکرمہ میں زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے۔ جہاں مختلف زبانوں کے مترجم بھی موجود ہیں۔ اگر کسی زائر کو کسی بھی حوالے سے کوئی پریشانی لاحق ہو تو وہ ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے اپنی پریشانی سے آگاہ کر سکتا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ زائرین کو ہمہ دم سہولت پہچانے کے مذہبی مِشن پر پُوری طرح عمل پیرا ہیں۔