بھارت میں سائیکل مکینک نے 22 سال بعد انصاف کی جنگ جیت لی

پیر 21 جنوری 2019 12:31

بھارت میں سائیکل مکینک نے 22 سال بعد انصاف کی جنگ جیت لی
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی نند نگری تھانہ کے پولیس افسر کی جانب سے 2 افراد کوحراست میں لے کر تشدد کرنے کے 22 سال پرانے کیس میں عدالت نے ایڈیشنل ایس ایچ او کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔

(جاری ہے)

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق 22 سال بعد سزا پانے والا پولیس اہلکار اے سی پی کے عہدے پر پہنچنے کے بعد ریٹائر ہوچکا ہے جبکہ 2 سب انسپکٹرز اب انسپکٹر بن چکے ہیں جن کو 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ باقی 2 پولیس اہلکار موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ متاثرہ سائیکل مکینک انل گوئل نند نگری پولیس سٹیشن کے سامنے سائیکل کی مرمت کا کام کیا کرتا تھا۔ 1997ء میں پولیس والوں نے سڑک پر سائیکل رپیرنگ کرنے کے عوض رقم کا مطالبہ کیا جس کی شکایت گوئل نے اعلیٰ افسران سے کردی تھی جس پر انہوں نے ناراض ہوکر 28 مئی 1997ء کو نند نگری تھانے میں تعینات ایڈیشنل ایس ایچ او راج بیر نے گوئل اور اس کے بھائی کو پولیس سٹیشن طلب کیا اور دونوں کی جم کر پٹائی کی تھی۔