پاکستان میں ڈیجیٹل معیشیت کو پروان چڑھانے کیلئے ملک بھر میں آئی فون کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا

یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو افسر رضوان میر ن کی اے پی پی سے بات چیت

پیر 21 جنوری 2019 22:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) پاکستان میں ڈیجیٹل معیشیت کو پروان چڑھانے کیلئے ملک بھر میں آئی فون کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا جس کیلئے یونیورسل سروسز فنڈ ملک میں آئی فون کی اسمبلنگ کیلئے سبسڈی فراہم کرے گا۔ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو افسر رضوان میر نے بتایا کہ حکومت کے وژن کے مطابق پاکستان کو ڈیجیٹل معیشیت کے دھارے میں لانے کیلئے ملک میں آئی فون کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں آئی فون کا استعمال قابل قدر نہیں ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئی فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 30 فیصد کے قریب ہے جن میں سے زیادہ تر لوگ آئی فون کو معاشی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

رضوان میر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں آئی فون کے استعمال کو فروغ دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے پاکستان میں کسی موبائل فون کمپنی کی طرف سے فون کی تیاری کی بجائے پاکستان میں فون اسمبلنگ کیلئے یونیورسل سروسز فنڈ کی طرف سے سبسڈی دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف کی طرف سے آئی فون کی اسمبلنگ پر سبسڈی دینے سے ملک میں آئی فون کے استعمال کو فروغ حاصل ہو گا، لوگوں میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال کا رجحان تقویت پکڑے گا اور اس کے ساتھ ہی صارفین کو موبائل فون کے ذریعے ای کامرس کی ترغیب دی جائے گی جس سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف نے ملک کے دور دراز علاقوں میں ٹیلی کام کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف پروگراموں کے لئے فنڈز جاری کیے جن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لئے خواتین میں موبائل فون کے ذریعے تجارت کے رجحان کو بھی فروغ دینا ہوگا۔