Live Updates

پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی، قطر سے پاکستان کی ایل این جی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، مزید سہولیات اور بہتر شرائط کار پر بات چیت ہوگی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جنوری 2019 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی، قطر سے پاکستان کی ایل این جی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، مزید سہولیات اور بہتر شرائط کار پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا قطر کا یہ دو روزہ دورہ ہے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی، پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد برسرروزگار ہے، وزیراعظم مزید پاکستانی افرادی قوت بھجوانے پر بات کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد، نئی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں کیلئے افرادی قوت درکار ہے، پڑھے لکھے پاکستانیوں، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کے ہنرمند افراد قطربھجوانے پر بات ہوگی، پاکستانی افرادی قوت کو قطر میں روزگار ملنے سے ملک کے فارن کرنسی ریزورز میں بھی اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کے دوران قطر کے ساتھ زرعی مصنوعات کی تجارت میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں قطر کے ساتھ پاکستان کی تجارت میں اضافہ ہوا، اس میں مزید اضافہ کے امکانات موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر سے پاکستان کی ایل این جی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، مزید سہولیات اور بہتر شرائط کار پر بات چیت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے قطر کے سرمایہ کاروںکی حوصلہ افزائی پر بھی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مصالحتی عمل میں قطر کے کردار کو سراہتا ہے، وزیراعظم کی دورہ کے دوران قطر کی قیادت سے افغان امن عمل کے حوالہ سے بات چیت ہو گی، دونوں ممالک خطہ کو پہلے سے زیادہ مستحکم اور پرامن بنانے کیلئے مزید امکانات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں مفاہمت اور غلط فہمیوں کو دورکرنے میں پاکستان کے کردار پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات