تعلیم کو نظر انداز کرنے والی قومیں ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتی ہیں، متعلقہ شعبوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت سے جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت صرف ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی ہے

قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز کا تقریب سے خطاب

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ تعلیم کو نظر انداز کرنے والی قومیں ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتی ہیں، تعلیمی شعبہ میں اصلاحات حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ شعبوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت سے جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز F-7/3 کے زیر اہتمام سالانہ تقسیم انعامات تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جو کسی بھی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے ملک کا روشن مستقبل پڑھی لکھی نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔اعلیٰ معیار تعلیم کے ذریعے عظیم معمار قوم تیار کر نا آج وقت کی اہم ضرورت ہے، بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کو نمایاں حیثیت حاصل ہے، کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جس ملک کے میدان ویران ہوں اس ملک کے ہسپتال مریضوں سے بھرے ہوں گے، غیر نصابی سرگرمیوں سے ایسی صلاحتیں اُجاگر ہوتی ہیں جس سے طلباء خود کو آنے والے وقت کیلئے تیار کرتے ہیں تاکہ وہ معاشرے کیلئے ایک ذمہ دار فرد بن سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے ہی غیر نصابی سرگرمیاں انسانی تہذیب کا حصہ رہی ہیں اور غیر نصابی سرگرمیوں سے طلباء میں ایک سے زائد چیزوں میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے، موجود دور میں غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف تعلیمی اداروں کی توجہ کم ہے ا س کو بڑھانے کی ضرورت ہے، کھیلوںکے میدان آباد رکھنے اور بچوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو اُجاگر کرنے کیلئے سکول و کالج انتظامیہ موثر کردار ادا کریں۔

سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ طلباء کا نظم و ضبط جوش و جذبہ دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے۔ اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز کے معیار تعلیم اور کھیلوں میں طلباء کی کارکردگی قابل تحسین ہے جس میں اساتذہ کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، تعلیم یافتہ بچے ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور غیر نصابی سرگرمیوں سے بچوں میں مقابلے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا جو قومیںاپنے ہیروز کو بھلا دیتی ہے اس قوم میں ہیروز پیدا ہونا ہی ختم ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچے اپنے مستقبل کے حوالے سے ابھی سے خواب دیکھنا شروع کریں خواب دیکھنے سے منزل کا تعین آسان ہو جاتا ہے، کامیابی حاصل کرنے کیلئے محنت ہی واحد راستہ ہے۔ تقریب سے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر طارق مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ایوان سینیٹ کی تقریب میں شرکت سے نہ صرف اساتذہ اور ادارے کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ بچوں میں بھی آگے بڑھنے کا جوش پیدا ہو اہے۔

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی بنیادی وجہ بہتر معیار تعلیم ہے۔ ہمارے ملک میں تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ بہترین انسانی وسائل سے ملک و قوم کی تقدیر میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔ اس ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ضرورت صرف ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی ہے۔ تقریب کے اختتام پر قائد ایوان سینیٹ نے کھیلوںکے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے اور ادارے کو بہتر معیار تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :