قومی اسمبلی ،جبری برطرفیاں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی ، صحافیوں کا پریس گیلری سے واک آئوٹ

معاملے پر تحفظات دور نہ ہوئے تو (آج) بجٹ سیشن کا بائیکاٹ ہوگا، صحافیوں کا علی محمد خان اور مراد سعید کو واضح جواب صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کسی صورت قبول نہیں ہے ،حکومت اس معاملے پر صحافیوں کے ساتھ ہے، وزراء کی یقین دہانی

منگل 22 جنوری 2019 21:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان صحافیوں نے جربی برطرفیوں‘ تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں اور سٹاف کو نکالنے کے معاملے پر احتجاجاً پریس گیلری سے واک آئوٹ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر تحفظات دور نہ ہوئے تو (آج) بدھ کو بجٹ سیشن کا بائیکاٹ ہوگا۔

منگل کو صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا تو جلاس کی صدر نشیں منزہ حسن نے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو صحافیوں کو منانے کیلئے بھیجا ۔پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کو وزراء نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کسی صورت قبول نہیں ہے ،حکومت اس معاملے پر صحافیوں کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

وزراء نے کہاکہ وزیر اطلاعات سے اس معاملے پر بات کریں گے اور وہ اس سلسلے میں تحفظات حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ صحافیوں نے وزراء کو جواب دیا کہ اگر صحافیوں کے تحفظات دور نہ ہوئے تو (آج) بدھ کو بجٹ سیشن کا بائیکاٹ ہوگا ۔ صحافیوں نے واضح کیا کہ ہمیں ایوان کا مکمل بائیکاٹ کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاکہ صحافیوں کے مسائل حقیقی ہیں ،ان کی برطرفیوں اور تن خواہ کی ادائیگی کامعاملہ حل ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ صحافی قلم کے مزدور ہیں ان کے پاس کوئی اور کاروبار ہے نہ اثاثے ہیں ۔ علی محمدخان نے کہاکہ تنخواہوں کی ادائیگی ہرصورت میں یقینی بنائی جانی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ چینل کے مالکان سے بھی بات کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ یقین دلاتے ہیں کہ وزارت اطلاعات اس سلسلے اقدامات اٹھائیگی ۔انہوںنے کہاکہ حکومت ہرصورت صحافیوں کے حقوق کیتحفظ کو یقینی بنائیگی ۔ علی محمد خان نے کہاکہ گذارش کرتے ہیں کہ صحافی اپنا واک آئوٹ ختم کرکے کوریج کو جاری رکھیں بعدازاں وزراء کی یقین دہانی پر صحافیوں نے پریس گیلری کا واک آئوٹ ختم کردیا۔