نتھیاگلی کے قریب توحید آباد میں پھنسے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

منگل 22 جنوری 2019 22:40

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) نتھیاگلی کے قریب توحید آباد میں پھنسے ہوئے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رات انتہائی خراب موسمی حالات میں ریسکیو ٹیموں نے تین بجکر 15 منٹ پر آپریشن کا آغاز کیا اور تمام سیاحوں کو نکال کر مری اور کالا باغ کے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

توحید آباد میں پاک فوج کے دستوں سمیت ایئر فورس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ واضح رہے کہ توحید آباد میں شدید برف باری کے باعث سیاح پھنس گئے تھے اور انہوں نے ذرائع ابلاغ کے ذریعہ مدد کی اپیل کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ریسکیو کئے جانے والے سیاحوں کی تعداد 50 کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

ایک ٹوئٹ میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ نتھیاگلی کے قریب توحید آباد کے مقام پر سیاحوں کے پھنسنے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج اور پاک فضائیہ کی ریسکیو ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں، ریسکیو ٹیمیں ادویات اور خوراک کا سامان لے کر گئی ہیں، وہاں برف باری کے باعث سڑکیں بند ہیں اور گاڑیاں پھنس ہوئی ہیں۔

قبل ازیں بھی پاک فوج مختلف امدادی آپریشن کے ذریعہ پھنسے سیاحوں اور کوہ پیمائوں کو ریسکیو کر چکی ہے، گذشتہ برس جولائی میں پاک فوج نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے گلیشیئر میں پھنسنے والے روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوبیافو کو بحفاظت اتار لیا تھا، یہ روسی کوہ پیما شمالی علاقہ جات میں بیافو گلیشیئر میں 20 ہزار 650 فٹ بلند چوٹی لوٹک پر پھنس گئے تھے تاہم پاک فوج نے انہیں بحفاظت وہاں سے نکال لیا تھا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بلندی پر ریسکیو آپریشن کامیابی سے انجام پایا تھا۔

اس سے قبل جون 2018ء میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ہنزہ میں اولتر چوٹی سر کرنے کے دوران حادثہ کا شکار ہونے والے غیر ملکی کوہ پیمائوں کا سراغ لگاتے ہوئے انہیں بچا لیا تھا تاہم ایک کوہ پیما ریسکیو آپریشن سے قبل ہی ہلاک ہو گیا تھا۔