وفاقی حکومت کا منی بجٹ مجموعی طور پر تاجروں اور خاص کر چھوٹے درجے کے کاروباری افراد کیلئے خوش آئند ہے ،

مراعاتی اعلانات سے زبوں حالی کا شکار پاور لومز انڈسٹری کو بھی دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا،سیکرٹری جنرل پاکستان یارن مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب، خیبر پختونخواہ زون

جمعرات 24 جنوری 2019 17:04

وفاقی حکومت کا منی بجٹ مجموعی طور پر تاجروں اور خاص کر چھوٹے درجے کے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) : پاکستان یارن مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب، خیبر پختونخواہ زون کے سیکرٹری جنرل ممتاز الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا منی بجٹ مجموعی طور پر تاجروں اور خاص کر چھوٹے درجے کے کاروباری افراد کیلئے خوش آئند ہے جبکہ مراعاتی اعلانات سے زبوں حالی کا شکار پاور لومز انڈسٹری کو بھی دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا ۔

جمعرات کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ کئی صنعتوں کو 5سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دینے سے نئے صنعت کار ملک میں آئیں اور اپنی صنعتیں لگائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نان فائلرز کو ریلیف دینا بھی خوش آئند اقدام ہے اسی طرح پچاس لاکھ تک پراپرٹی خریدنے کی چھوٹ سے پراپرٹی کا کاروبار بڑھے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگی اشیاء پر ٹیکس لگانا درست اقدام ہے جبکہ کاٹن امپورٹ کو ڈیوٹی فری قرار دیا گیا ہے جو بہت ہی اچھااقدام ہے کیونکہ اس سال ملک میں کاٹن کی پیداوار چوبیس فیصد کم ہوئی ہے جس سے تاجر بہت پریشان تھے۔

انہوںنے کہا کہ درآمدی خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی اور خاتمہ پیداواری لاگت میں کمی لائے گاجس سے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کا ٹیکس ریٹ کم کرنے سے ایس ایم ای سیکٹر کو فائدہ ہوگا اور ان میں بینکوں کی سرمایہ کاری بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان فرق سے کار انڈسٹری کا حجم تیس فیصد تک کم ہوا لہٰذا حکومت نے نان فائلر کو گاڑی خریدنے کی اجازت دے کر اچھا قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی گھروں پر ٹیکس میں کمی اور نیوزپرنٹ پر ڈیوٹی کاخاتمہ اچھے اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ اس لحاظ سے بھی مثبت ہے کہ بینک ٹرانزیکشن پر فائلر کو چھوٹ د ی گئی ہے جو اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے منی بجٹ کو اکنامک ریفارمز پر مشتمل اور تاجر دوست قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ ہم حکومت کی اعلان کردہ اکنامک ریفارمز کی بھرپور تائیدکرتے ہیں کیونکہ اس سے معاشی اصلاحات سے ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔