قومی احتساب بیورو نے گذشتہ تیرہ ماہ کے دوران 298 ارب روپے کی ریکوریاں کیں

قومی احتساب بیورو کی جانب سے پریس ریلیز بھی جاری کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 13:04

قومی احتساب بیورو نے گذشتہ تیرہ ماہ کے دوران 298 ارب روپے کی ریکوریاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء) : قومی احتساب بیورو (نیب) نے گذشتہ تیرہ ماہ کے دوران 298 ارب روپے کی ریکوریاں کر لیں۔ اس ضمن میں نیب کی جانب سے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ بد عنوانی کا خاتمہ اب قوم کی آوازبن گیا ہے۔ نیب نے اپنے علاقائی دفاترمیں شکایات سیل قائم کئے ہیں جبکہ تاجروں کی شکایات سننے کے لئے ایک علیحدہ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ریکور کی جانے والی رقم کو قومی خزانے میں جمع کروادیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ نیب چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے ایک بیان میں نیب کو خود مختار ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت آئین اور قانون کی بالادستی ہے اور بیوروکریسی کو کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کرنا چاہئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب ''احتساب سب کے لیے '' کے موٹو پر کام کر رہا ہے جس کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی بھی شخص کے ساتھ نا انصافی نہیں کی جائے گی۔ وفاقی سیکرٹریز سے خطاب کے دوران چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ بیوروکریسی ملک کی ترقی اور استحکام میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔

اور تمام افراد کو پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیب اور بیوروکریسی کسی بھی گروپ، سیاسی جماعت یا کسی حکومت سے منسلک نہیں ہیں، نیب کا تعلق صرف پاکستان اور یہاں بسنے والے لوگوں سے ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں نیب نے کئی پراجیکٹس میں خورربرد کا نوٹس لے کر کارروائیاں کیں جس میں کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ فی الوقت سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اور خواجہ برادران مختلف اسکینڈلز میں نیب کی حراست میں ہیں ۔