حکومت پاکستان کے احکامات پر ملک کو کلین ایند گرین بنانے کے لیے موسم بہار میں لاکھوں پودے لگا کر اس پر عمل کیا جائے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 7 فروری 2019 18:49

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 فروری2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھو کھر،جہلم) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کلین ایند گرین پاکستان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز 8 فروری سے ہو گا اور اس مہم کے تحت جہلم سمیت صوبہ بھر میں پودے لگائے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر بھی پودوں کا ہدف مقرر کر دیا ہے لہٰذا حکومت پنجاب کی اس مہم کو سو فیصد کامیاب کرنے کے لیے تمام محکمہ جات الرٹ ہو جائیں۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مقررہ ہدف جہلم کے لئے 3000 پودوں کا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ ڈیپارٹمنٹ جہلم آج بجوالا جنگل کے مقام پر 23000 سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں پودے لگانے کی ہدایت دی اور سی ای او ایجوکیشن کو 758 سکولوں میں پودے لگانے کا کہا، اجلاس میں اے ڈی سی آر میسم عباس، اسسٹنٹ کمشنر جہلم فیضان احمد، ایس ڈی ایف او سدھیر مغل، ڈی او انڈسٹریز مرزا سعید اور دیگر موجود تھے ۔

ڈی سی جہلم نے 56 یونین کونسل کے سیکرٹریز کو 56000 پودے تمام یو سیز میں مفت تقسیم کرنے کا کہا انہوں نے بتایا ہے کہ آج اکرم شہید پارک اور ڈی ایچ کیو جہلم میں دن دس بجے مفت پودے تقسیم کیے جایں گے جبکہ دن 11 بجے بجوالا فارسٹ میں 23000 سے زائد پودے لگانے کی خصوصی تقریب منعقد ہو گی۔ موسم بہار کی شجر کاری میں تمام محکمہ جات بھر پور حصہ لیں اور اپنے ماتحت فیلڈ میں قائم دفاتر یا مراکز کو 8 فروری کے روز پودئے لگانے کی ہدایت جاری کریں۔