احسان مانی کے گھر کی تزئین و آرائش پی سی بی کو 22 لاکھ روپے کی پڑےگی

چیئر مین پی سی بی 26 سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں جسکے باعث پاکستان میں انکاکوئی گھر نہیں ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 فروری 2019 13:21

احسان مانی کے گھر کی تزئین و آرائش پی سی بی کو 22 لاکھ روپے کی پڑےگی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 فروری 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے سربراہ احسان مانی کو گھر کی تزئین و آرائش کے لئے 22لاکھ روپے کی خطیر رقم پی سی بی کے خزانے سے دی جائیگی،گورننگ بورڈ نے اخراجات کی منظوری دیدی ۔ 73سالہ احسان مانی نے 4 ستمبر 2018ءکو باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج لیا تھا،احسان مانی 26 سال سے برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں اور اس لئے ان کے پاس پاکستان میں کوئی گھر نہیں ہے جس کے باعث پی سی بی نے رہائش کے لئے ان کو لاہور کے ایک پوش علاقے میں 2 لاکھ روپے ماہانہ پر ایک فلیٹ کرائے پر لے کر دیا ہے، اب احسان مانی نے پی سی بی کے خزانے سے اس فلیٹ کی تزئین و آرائش کے لئے 22 لاکھ روپے دینے کی باقاعدہ منظوری پی سی بی گورننگ بورڈ کے 52 ویں اجلاس میں لی ہے ۔

یاد رہے کہ احسان مانی ستمبر2018ءمیں آئندہ تین سال کیلئے بلا مقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

احسان مانی اس سے قبل آئی سی سی کے صدر سمیت دیگر اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داری نبھا چکے ہیں،انہوں نے 1989ءسے لے کر 1996 ءتک انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں پی سی بی کے نمائندے کی حیثیت سے کام کیا ،1996ءاور 1999ءکے ورلڈ کپ کی ایڈوائزری کمیٹی میں شامل تھے، 1996ءمیں وہ آئی سی سی کی مارکیٹنگ اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے اور 2002ءتک اس عہدہ پر فائز رہے، اس کے بعد وہ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے اور کئی کمیٹیوں میں بھی شامل ہوئے ،وہ 2003ءسے لے کر 2006ءتک آئی سی سی کے صدر بھی رہے ،وہ راولپنڈی میں 29مارچ 1945ءکو پیدا ہوئے ،وہ کلب اور کالج کی سطح پر کرکٹ کھیل چکے ہیں۔