جنرل راحیل شریف کی چیئر مین سینٹ سے ملاقات ،اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو

اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے،چیئر مین سینٹ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، محمد صادق سنجرانی اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف

منگل 12 فروری 2019 14:13

جنرل راحیل شریف کی چیئر مین سینٹ سے ملاقات ،اہم بین الاقوامی امور پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے، دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ منگل کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اینڈ چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر اراکین سینیٹ اور اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ چیئر مین سینٹ نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان اٴْٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے ریٹائرڈجنرل راحیل شریف کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پٴْر امن حل چاہتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن ترقی کی ضمانت ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہاکہ دیرپا امن خطے سے غربت اور معاشی عدم استحکام کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

جنرل (ر)راحیل شریف نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔ راحیل شریف نے کہاکہ اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔