کیا اب پائپ سے فرش دھونے پر بھی چالان ہو گا

واسا نے صاف پانی سے دکانوں کے سامنے فرش دھونے پر باغبانپورہ کے ریسٹورنٹ کو 500 جرمانہ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 12 فروری 2019 17:03

کیا اب پائپ سے فرش دھونے پر بھی چالان ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری2019ء) پانی کا بے دریغ استعمال کرنے والے ہو جائیں ہوشیار، لاہور کو پانی کے بحران سے نکالنے کیلیے واسا متحرک ہو گیا۔ لاہور میں گھروں میں گاڑیاں دھونے والے افراد کیخلاف کاروائی کا آغاز تو کر دیا اگیا ہے تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واسا نے صاف پانی سے دکانوں کے سامنے فرش دھونے پر باغبانپورہ کے ریسٹورنٹ کو 500 جرمانہ کر دیا۔

اس سے قبل گھروں کے سامنے ریمپ پر گاڑیاں دھونے والوں کو جرمانہ کیا گیا تھا۔ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ پانی کا بے دریغ استعمال روکنے کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کم جرمانے کیے جا رہے ہیں لیکن مستقبل میں بھاری جرمانہ اور سزا عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ واسا نے گھروں میں پائپ کے ذریعے گاڑیاں دھونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

واسا نے یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ برس دسمبر کے ماہ میں پائپ سے گاڑیاں دھونے پر پابندی عائد کرتے ہوئے بالٹی سے گاڑی دھونے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ گاڑی دھونا ہو تو رہائشی بالٹی میں پانی بھر کر دھوئیں ۔ عدالت نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور واسا کو سروس اسٹیشنز پر پائپ سے گاڑیاں دھونے پر پابندی لگانے کا حکم دیا تھا، جب کہ شہریوں کو بھی بالٹی میں پانی بھرکر گاڑی دھونے کی ہدایت کی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایک شہری ہارون فاروق کی درخواست پر تحریر کردہ فیصلے میں حکم دیا کہ گاڑی دھونا ہو تو رہائشی بالٹی میں پانی بھر کر دھوئیں، گاڑیوں کو پائپ سے دھونے پر پابندی سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے جب کہ پنجاب حکومت پانی کا ضیاع روکنے اور اسے محفوظ بنانے سےعدالت کو آگاہ کرے۔