بھارت، پل ٹوٹنے سے دلہا سمیت 15باراتی نالے میں گرگئے، دو بچے زخمی ہوگئے، ہسپتال منتقل کردیا گیا

بدھ 13 فروری 2019 22:23

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) بھارت کے گاؤں ہوشیار پور میں باراتیوں کے رقص سے پل ٹوٹنے کے نتیجے میں دلہا سمیت 15 افراد نالے میں گرگئے جبکہ 2 بچے زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نوئیڈا سیکٹر 52 کے گاؤں میں یہ حادثہ 9 فروری کو رات ساڑھے 9 بجے اس وقت پیش آیا جب دلہا سمیت 15 افراد ایک چھوٹے سے پل پر رقص کررہے تھے کہ اچانک پل ٹوٹ گیا۔

ایک نالے کے اوپر بنایا گیا یہ پل اولیو گارڈن ویڈنگ بینکوئیٹ ہال کو اس کے لان کے گیٹ سے ملاتا ہے۔جائے حادثہ پر موجود عینی شاہدین کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا باراتی 10 منٹ سے پل پر ڈانس کررہے تھے۔سیکٹر 24 تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے بتایا کہ ساڑھے 9 بجے کے قریب ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سیکٹر 52 کے گاؤں ہوشیارپور میں پل ٹوٹنے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد نالے میں گرگئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 8 سال سے کم عمر 2 بچے بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج کیلئے قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔دلہے کی شناخت 35 سالہ امیت یادو کے نام سے ہوئی جو ایک کاروباری شخص ہیں اور غازی آباد کے علاقے اندراپورم کے رہائشی ہیں جبکہ 32 سالہ دلہن سونم دہلی کے علاقے کوندلی کی رہائشی ہیں۔سونم کے والد پھول کمار نے 9 فروری کو شادی کیلئے یہ بینکوئٹ بٴْک کروایا تھا۔

سیکیورٹی گارڈ جو کہ حادثے کے عینی شاہد بھی ہیں انہوں نے کہا کہ دلہن کے گھروالے پل کی دوسری جانب بارات کے استقبال کیلئے کھڑے تھے۔گارڈ نے بتایا کہ تقریباً 15 باراتی پل پر 10 منٹ تک ناچتے رہے جبکہ دیگر باراتی لان میں چلے گئے تھے، پل پر رقص کیلئے رکنے والے باراتیوں میں دلہا بھی شامل تھا۔امیت کے چھوٹے بھائی سمیت یادو نے کہا کہ پل کے علاوہ شادی ہال سے باہر جانے کا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

سمیت یادو نے بتایا کہ دلہن کے والدین پٴْل کی دوسری جانب دلہے کے استقبال کیلئے کھڑے تھے،یہ ہمارے لیے بہت شرمناک تھا۔انہوں نے کہا کہ ’ نالے میں گرنے کی وجہ سے ہم میں سے اکثر افراد کے موبائل فون اورر جیولری کھوگئی تھی، اس جگہ کوئی ایمرجنسی یا متبادل راستہ نہیں تھا۔اولیو گارڈن کے مالک شرما نے کہا ہے کہ پل کا ٹوٹنا ایک حادثہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم 15 برس سے کاروبار کررہے ہیں، ایسا حادثہ پہلی بار پیش آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے معافی مانگی ہے اور لڑکی والوں سے لئے گئے سارے پیسے واپس کردیئے ہیں، حادثے کے بعد شادی کی تقریب دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔دلہن کے والد نے کہا کہ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا اور ہمارے نقصان کی تلافی کیلئے آرگنائزر نے ہمیں 3 لاکھ روپے ادا کئے تھے، ہم شکایت درج نہیں کروانا چاہتے تھے۔