امیر حیدر خان ہوتی کا تنظیم سازی کے عمل میں غیر ضروری مداخلت کے عمل کا نوٹس

پارٹی عہدیدار تنظیم سازی میںمن پسند افراد کیلئے اجلاسوں کے انعقاد پوسٹرز و بینرز کی نمائش اور ان کا حمایتی بننے سے گریز کریں تمام پارٹی عہدیدار و ذمہ داران صوبائی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پابند ہیں،،صدر عوامی نیشنل پارٹی کے پی کے

جمعہ 15 فروری 2019 18:49

امیر حیدر خان ہوتی کا تنظیم سازی کے عمل میں غیر ضروری مداخلت کے عمل ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے صوبے میں جاری ممبر سازی و تنظیم سازی کے عمل میں پارٹی عہدیداروں کی جانب سے من پسند افراد کیلئے اجلاسوں کے انعقاد پوسٹرز و بینرز کی نمائش اور ان کا حمایتی بننے جیسے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام پارٹی عہدیدار و ذمہ داران صوبائی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے پابند ہیں اور اے این پی کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث کارکن کے خلاف تادیبی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے،سوشل میڈیا پر وائرل چند مخصوص حلقوں میں پارٹی عہدیداروں کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران من پسند امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے جیسے واقعات پر اپنے در عمل کا اظہار کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ممبر سازی و تنظیم سازی کے عمل میں ہر سطح کے عہدیداروں و ذمہ داروں کو کسی بھی جگہ گروپ بندی یا جانبداری سے گریز کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی میں ممبر سازی و تنظیم سازی ایک جمہوری عمل ہے جو ہر چار سال بعد دہرایا جاتا ہے، لہٰذا پارٹی عہدیدار و ذمہ دار اس عمل میں اجلاسوں ، بینرز اور پورسٹرز سمیت پینل بنانے کے عمل سے گریز کریں اور پارٹی کارکنان و منتخب کونسلوں کے اختیار میں کسی بی طرح اثر انداز ہونے سے کنارہ کشی کر لیں ، امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پارٹی ممبر سازی و تنظیم سازی کے عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جس کے دوران بعض اضلاع میں ذمہ داران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں،انہوں نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اس کے ضابطہ اخلاق کے مطابق اس کی مدد کی جائے انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی کرنے کا اختیار پارٹی کے پاس ہے لہٰذا جماعت کو کوئی بھی انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کے کارکنوں کو اپنی رائے کے اظہار کا پورا اختیار ہے اور سب کو وارڈ سے لے کر اوپر کی سطح تک باچا خان کے سپاہی ہونے کے ناطے شفاف و غیر جانبدارانہ طریقے سے ممبر سازی و تنظیم سازی کے عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اپنے تحفظات اور شکایات کیلئے پارٹی کے آئینی فورم موجود ہیں لہٰذا سوشل میڈیا کے ذریعے پارٹی سرگرمیوں بارے تحفظات سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے ،انہوں نے ایک بار پھر تمام عہدیداروں و ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ ایسی سرگرمیوں سے یکسر گریز کر یں اور پارٹی کو تادیبی کروائی پر مجبور نہ کیا جائے ۔