بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، گورنر سندھ

پاکستان روس سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے، روسی قونصلیٹ میں ڈپلومیٹ ڈے کے حوالے سے تقریب میں خطاب

جمعہ 15 فروری 2019 20:03

بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے روسی قونصلیٹ میں ڈپلومیٹ ڈے منانے کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے دور جدید میں سفارتخانوں کے کام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں سفارت کاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، کامیاب سفارت کاری سے دو نوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے ، سرمایہ کاری ، مشترکہ منصوبے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ میں بھی سفارت کاری اہم ثابت ہو تی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان روس سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے کیونکہ پاکستان اور روس کے مابین اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے اس میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے ،جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہورہاہے کیونکہ سی پیک منصوبہ پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ روسی سفارتکاری بین الاقوامی اور علاقائی فورموں میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہیں جس کا بنیادی مقصد دیگر ریاستوں کے ساتھ دوستی ، تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔