حکومت سی پیک ،سعودی سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے استعداد بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

پاکستانی کارپٹ مصنوعات کی خلیجی ممالک میں مانگ کو دیکھتے ہوئے حکومتی سرپرستی میں سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کیا جائے برآمدات میں اضافے کیلئے ایمر جنسی طرز پر اقدامات کرنا ہونگے ‘ سینئر رہنما عبد اللطیف ملک کی وفد سے گفتگو

ہفتہ 16 فروری 2019 12:50

حکومت سی پیک ،سعودی سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے استعداد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی رادری اور سعودی عرب کی اربوںڈالرکی سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے استعداد بڑھانے پر توجہ مرکوز کرے ،پاکستانی کارپٹ مصنوعات کی سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں مانگ کو دیکھتے ہوئے حکومتی سرپرستی میں سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک نے کارپٹ انڈسٹری کے نمائندوںسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو انڈسٹری کو درپیش مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر رہنماریاض احمد، سعید خان، میجر(ر)اختر نذیر ،اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

عبد اللطیف ملک نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری کا توانائی کے استعمال کے حوالے سے حکومت پر کوئی بوجھ نہیں اس لئے اسے دوسری انڈسٹری کے مقابلے میں زیادہ مراعات اور سہولیات دی جانی چاہئیں ۔انہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انڈسٹری کے مسائل کومتعلقہ وزراء او رمحکموں کے انتظامی سربراہان کے سامنے اٹھایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اس کے بغیر ہماری معیشت کو مضبوط بنیاد نہیں مل سکتی ۔

مینو فیکچررزاور ایکسپورٹرز سے مسلسل رابطے رکھے جائیں اور خصوصاً خطے کے دیگر ممالک میں ایکسپورٹرز کو ملنے والی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے معاونت کی جائے تاکہ ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں ۔عبد اللطیف ملک نے سعودی عرب کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری آنے سے مختلف شعبوںمیں مثبت رجحانات کوفروغ ملے گا جس کے مجموعی طور پر معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

حکومت کو چاہیے کہ ترکی اور ملائیشیاء سمیت دیگر ممالک سے بھی معاہدے کئے جائیں جس سے سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ عبد اللطیف ملک نے کہا کہ ایسوسی ایشن کارپٹ مصنوعات کی برآمدات کو دوبارہ عروج پر لے جانے کے لئے کوشاںہے ۔ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کو انتہائی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ ان ممالک میں نمائشو ں کا انعقاد کیا جائے اوراس کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے ۔