سعودی ولی عہد آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے، چینی وزارت خارجہ

سعودی ولی عہد کا دورہ چین،سعودی عرب تعلقات کی ترقی کو فروغ دینے، چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ اقتصادی و تجارتی سفارتکاری کے انیشی ایٹو کومزید تقویت دیگا،ترجمان وزارت خارجہ

اتوار 17 فروری 2019 16:20

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے اور چینی صدر شی جن پنگ اور نائب پریمیر ہین ژینگ سے ملاقات کرینگے ۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جمعرات اور جمعے (21 اور 22 فروری) کو چین کا دورہ کریں گے اور چینی صدر شی جن پنگ اور نائب پریمیئر ہین ژینگ سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ دورہ ’چین-سعودی عرب تعلقات کی ترقی کو فروغ دینے‘ چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ اقتصادی اور تجارتی سفارتکاری کے انیشی ایٹو کومزید تقویت دے گا۔واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا یہ دورہ دنیا کے بڑے خام تیل کے برآمد کنندہ کی جانب سے اپنے تیل کے طویل مدتی خریداروں کو یقینی بنانے کیلئے دنیا بھر میں ریفائنری اور پیٹروکیمیکلز منصوبوں میں بھاری سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جارہا۔