نوجوت سنگھ سندھو کو شو سے نکالنے جانے کپل شرما کا شدید برہمی کا اظہار

مسئلے کا ٹھوس حل نکالا جانا چاہئے، کسی کو بین کرنے یا شو سے نکالنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 فروری 2019 18:37

نوجوت سنگھ سندھو کو شو سے نکالنے جانے کپل شرما کا شدید برہمی کا اظہار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) بھارتی کامیڈین کپل شرما پلوامہ حملے کے بعد بیان دینے پر اپنے شو سے نوجوت سدھو کو نکالے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کا ٹھوس حل نکالا جانا چاہئے، کسی کو بین کرنے یا شو سے نکالنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں نوجوت سنگھ سدھو نے پلوامہ حملے سے متعلق ایک انٹرویو میں سوال اٹھایا تھا کہ مٹھی بھر لوگوں کے عمل پر آپ پوری قوم کو قصور وار ٹھہرائیں گے یا کسی فرد کو ۔

نوجوت سنگھ سدھو کے بیان پر بھارتی انتہا پسند بھڑک اٹھے اور سوشل میڈیا پر’بائیکاٹ سدھو،بائیکاٹ کپل شرما شو‘ کا ہیش ٹیگ بنا کر ہنگامہ کھڑا کردیا، بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ سے نوجوت سنگھ سدھو کو باہر کردیا گیا جس کے بعد شو کے میزبان کپل شرما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران نوجوت سنگھ سدھو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا کوئی ٹھوس حل نکلنا چاہئے، یہ جو چھوٹی چھوٹی چیزیں ہوتی ہیں کہ اس کو بینڈ کردو اس کو شو سے نکال دو اس سے مسئلے حل نہیں ہوتے، اگر سدھو جی کو نکالنے سے آج مسئلہ حل ہوجاتا ہے تو سدھو پاجی خود ہی شو چھوڑ دیتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسا گمراہ کرنے کیلئے کیا جاتا ہے کہ ہیش ٹیگ چلا دیتے ہیں کہ بائیکاٹ سدھو اور بائیکاٹ کپل شرما شو وغیرہ۔کپل شرما کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جو مسئلہ واقعی ہے اس پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے نہ کے ادھر ادھر بھٹکا کے نوجوانوں کا دھیان بٹادو تاکہ ہم لوگ اصلی مدعے سے ہٹ جائیں۔بعدازاں نوجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما کی میڈیا سے گفتگو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور ہیش ٹیگ میں پوچھا کہ اس کا کوئی اثر پڑے گا کہ نہیں۔