کینسر سے بچاؤ کے لیے ہر روز زندہ کیڑے کھانے والی عورت

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 فروری 2019 23:35

کینسر سے بچاؤ کے لیے ہر روز زندہ کیڑے  کھانے والی عورت

کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک عورت  اپنی کینسر زدہ رسولی کی بڑھوتری روکنے اور اپنے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے  ہر روز پانچ زندہ کرم دانہ (Chinese weevils ) کھاتی ہیں۔
لاس اینجلس، کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی  مارسیلا اگلیسیاس تین بچوں کی ماں ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ ہرروز زندہ کیڑے  کھانے سے  کینسر سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے    جوڑوں کی سوجن اور   ہاضمےکی بہت سی بیماریوں کا علاج بھی ممکن ہے۔


اس طرح کےکیڑوں کو زندہ کھانا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ کیونکہ یہ کیڑے جب مرتے ہیں تو ایک زہر coleotoxin خارج کرتےہیں۔ عموماً یہ زہر اس وقت خارج ہوتا ہے جب یہ نظام ہضم میں داخل ہو جائیں۔2011 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا  ہےکہ coleotoxin کینسر زدہ رسولی کی بڑھوتری کو 70 فیصد سےبھی  زیادہ کم کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس تحقیق پر سائنسی حلقوں میں بہت سے سوالات اٹھائے گئے  ہیں لیکن مارسیلا کو اس کی پرواہ نہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ اگر  کیڑے کینسر روکنے میں مدد نہ بھی کریں لیکن یہ  پروٹین کا اہم ذریعہ ہیں۔
ارجنٹائن میں پیدا ہونے والی مارسیلا 20 سال پہلے کیلیفورنیا میں منتقل ہوئیں تھیں۔ وہ اپنے کمرے میں ہی  کیڑوں کو پالتی ہیں۔اُن کا دعویٰ ہے کہ ان کیڑوں کو پالنا کافی آسان ہے۔ اس میں زیادہ مشقت بھی نہیں اٹھانی پڑتی۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ کیڑے ایک چھوٹےمرتبان میں رہتے ہیں، انہیں بس مرتبان میں روٹی کے ٹکروں  اور گندم کو بدلنا پڑتا ہے اور کبھی کبھار تھوڑا پانی ڈالنا پڑتا ہے۔

یہ کیڑے بہت تیزی سے بڑھتے ہیں، اس لیے مارسیلا کے پاس کھانے کے لیے کیڑوں کی کمی نہیں ہوتی۔
مارسیلا کا کہنا ہے کہ اُن کے ایک قریبی دوست کو جان لیوا کینسر ہوا تھا۔ انہوں نے کیموتھراپی کرانے کی بجائے ہرروز چالیس سے پچاس زندہ کیڑے کھانے کو ترجیح دی۔ اس کے بعد وہ چھ سال تک کینسر سے محفوظ رہے۔مارسیلا کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی دوسری بیماری نہیں، اس لیے وہ بس کیڑوں کی تھوڑی سی تعداد ہی کھاتی ہیں۔


مارسیلا نے اعتراف کیا کہ اُن کے دوست اُن کی کیڑے کھانے کی عادت کو پسند نہیں کرتے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ کھانے کے دوران کیڑے ان کی زبان پر رینگتے ہیں لیکن  وہ انہیں ایک گلاس پانی میں ڈال کر نگل لیتی ہیں۔
مارسیلا نے دو ماہ پہلے ہی کیڑے کھانے شروع کیے ہیں۔ اس لیے اس کے کینسر سے بچاؤ کے فوائد کا فی الحال تو پتا نہیں چل سکتا  لیکن انٹرنیٹ پر کچھ لوگ اس طریقے کے کام کرنے کی قسمیں کھاتے ہیں۔

مارسیلا کا کہنا ہے کہ انہیں گوشت کھانا کیڑے کھانے سے زیادہ برا لگتا ہے کیونکہ کیڑے آرام سے ہضم ہوجاتے ہیں اور ان میں بہت سا پروٹین بھی ہوتا ہے۔
مارسیلا کے ملک ارجنٹائن اور جنوبی امریکا کے دوسرے ممالک  میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے کیڑے کھانا عام ہے۔انٹرنیٹ پر اس کے مبینہ فوائد کے حوالے سے بہت سی ویڈیوزبھی ملتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :