دُبئی: بھارتی ملازم دھوکا دہی اور بلیک میلنگ پر گرفتار

ملزم نے کمپنی کی جانب سے تنخواہ کاٹے جانے پر صارفین کے اکاؤنٹس ہیک کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 فروری 2019 11:05

دُبئی: بھارتی ملازم دھوکا دہی اور بلیک میلنگ پر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22فروری 2019ء ) پولیس نے ایک بھارتی نوجوان کو کمپنی کو نقصان پہنچانے اور بلیک میلنگ کے جُرم میں گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم ایک شامی باشندے کی کمپنی میں ملازم تھا جو کمپیوٹر پروگرامنگ کے شعبے سے وابستہ تھا۔ جس کا کام پورٹل کی سیٹنگ، پروگرامنگ اور ویب سائٹ کا انتظام سنبھالنا تھا۔

ایک روز ملازم نے بتایا کہ وہ نوکری چھوڑنا چاہتا ہے۔ جس پر باس نے بتایا کہ معاہدے کے تحت وہ جلدی جاب نہیں چھوڑ سکتا۔ اگر وہ ضرور چھوڑنا چاہتا ہے تو ایسی صورت میں اُسے 12000 درہم کی رقم قسطوں کی صورت میں ماہانہ دو ہزار درہم کے حساب سے ادا کرنا ہو گی۔ اس پر ملزم نے رضا مندی ظاہر کر دی۔ تاہم ابھی دو مہینوں میں 4ہزار درہم کی کٹوتی ہی ہوئی تھی کہ اُس نے میرے دفتر کے ہی ایک ملازم کو واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا کہ اُس کے پیسے ناجائز طور پر کاٹے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر اُس کی تنخواہ میں سے منہا کی گئی چار ہزار درہم کی رقم واپس نہ کی گئی تو وہ کمپنی کے صارفین کی ویب سائٹس ہیک کرنا شروع کر دے گا۔ اور اُس وقت تک یہ کام جاری رکھے گا جب تک اُس کی بات مان نہیں لی جاتی۔ اس کے بعد ملزم نے چند دِنوں کے وقفے سے کُل پندرہ ویب سائٹس بلاک کر دیں۔ کمپنی کے ایک اور 34 سالہ پاکستانی پروگرامر نے اپنے باس کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے اُسے دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر کمپنی کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی تھیں۔ اس موقع پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل ایویڈنس اینڈ کرمنالوجی نے اُن 15 ویب سائٹس کا ریکارڈ پیش کیا جنہیں بھارتی پروگرام نے ہیک کیا تھا۔ مقدمے کی اگلی سماعت 7مارچ 2018ء کو ہو گی۔