متنازع کتاب،فوج کی انکوائری مکمل، اسد درانی کی پنشن اور مراعات ختم

جمعہ 22 فروری 2019 18:05

متنازع کتاب،فوج کی انکوائری مکمل، اسد درانی کی پنشن اور مراعات ختم
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف انکوائری مکمل کر لی گئی ہے جس میں وہ ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے گزشتہ برس بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دلت کے ساتھ مل کر ایک متنازع کتاب دی سپائی کرانیکلزلکھی تھی جس کی اشاعت کے بعد پاکستانی فوج نے باضابطہ طور پر اس معاملے میں فارمل کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے جس میں انہیں ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسد درانی کو بطور ریٹائرڈ آفیسر فوج سے جو پنشن اور مراعات مل رہی تھیں وہ روک دی گئی ہیں تاہم ان کے رینک کو برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسد درانی کا نام پہلے ہی ای سی ایل پر موجود ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ اطلاعات درست ہیں کہ دو سینئر افسران گرفتار ہیں جنہیں جاسوسی کے الزام میں پکڑا گیا جن کے خلاف کورٹ مارشل کارروائی کی جا رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دونوں افسران کا کوئی نیٹ ورک موجود نہیں ۔