امریکی شہر نیویارک میں حملے کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کرنے کا معاملہ ،عدالت نے آئندہ سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھا

آئندہ سماعت تک طلحہ ہارون کو سی آئی کے حوالے نہ کریں،عدالت کا ایف آئی اے سے ملزم کے ریکوری میمو کی تمام تفصیلات پیش کرنے کا حکم

جمعرات 28 فروری 2019 16:33

امریکی شہر نیویارک میں حملے کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کرنے کا معاملہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) امریکی شہر نیویارک میں حملے کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کرنے کے معاملہ کی سماعت کے دور ان عدالت نے آئندہ سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھا۔ جمعرات کو سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاکہ امریکی حکومت نے پاکستان کو کیا لکھا ہی ۔

وکیل درخواست گزارنے کہا کہ اس وقت کے سیکرٹری خارجہ جان کیری نے ایک خط کے ذریعے طلحہ ہارون کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس کے خلاف امریکہ میں کوئی کیس رجسٹرڈ ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جی اس کے خلاف امریکہ میں کیس رجسٹرڈ ہے لیکن طلحہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ موبائل سیٹ اور لیپ ٹاپ کا فورنزک آڈٹ کرایا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے جواب دیا کہ فورنزک نہیں کرایا ملزم کے ریڈوارنٹ تھے۔سماعت کے دور ان طلحہ ہارون کے وکیل کے دلائل جزوی طور پر مکمل ہوگئے عدالت نے کہاکہ آئندہ سماعت تک طلحہ ہارون کو سی آئی کے حوالے نہ کریں۔عدالت نے ایف آئی اے سے ملزم کے ریکوری میمو کی تمام تفصیلات آئندہ سماعت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ یاد رہے کہ طلحہ ہارون اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کر دی۔