کراچی:فیڈرل بی ایریا میں ڈکیتی کی واردات کی فوٹیج سامنے آگئی

سندھ پولیس آئی ٹی سافٹ ویر سی آر آئی کے ذریعے دونوں ملزمان کی شناخت راحیل اور اصغر کے نام سے کرلی گئی ،ایس ایس پی سینٹرل

جمعہ 1 مارچ 2019 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریامیں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دو ملزمان کی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔فیڈرل بی ایریا گلبرگ میں گزشتہ رات پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ڈکیتی، پولیس مقابلے اور دیگر جرائم کے 9 مقدمات میں ملوث تھے۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راو کے مطابق سندھ پولیس آئی ٹی سافٹ ویر سی آر آئی کے ذریعے دونوں ملزمان کی شناخت راحیل اور اصغر کے نام سے کرلی گئی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان عادی ڈکیت تھے، جن کے خلاف مختلف علاقوں میں 9 سے زائد مقدمات درج ہیں۔پولیس نے ان ملزمان کے حوالے سے گزشتہ ماہ لیاقت آباد میں دودھ کی دکان پر ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے جن سے انہیں صاف پہچانا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

فوٹیج میں دونوں ملزمان ڈکیتی کی واردات کے دوران بے دریغ فائرنگ کرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راو کے مطابق دونوں ملزمان کی واٹر پمپ کے علاقے میں کی گئی ایک اور ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جو میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ملزمان اقدام قتل ڈکیتی پولیس مقابلے جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ہیں۔دونوں ملزمان گزشتہ رات گلبرگ میں ایک ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔