لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری کے باعث افسوسناک حد تک شہادتوں کی اطلاعات

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے فوری بعد بھارت کی جانب سے ایل او سی کے متعدد سیکٹرز پر شدید گولہ شروع کی گئی، اب تک 4 افراد کی شہادت اور 27 کے زخمی ہونے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 مارچ 2019 00:00

لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری کے باعث افسوسناک حد تک شہادتوں کی ..
مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ 2019ء) لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری کے باعث افسوسناک حد تک شہادتوں کی اطلاعات، بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے فوری بعد بھارت کی جانب سے ایل او سی کے متعدد سیکٹرز پر شدید گولہ شروع کی گئی، اب تک 4 افراد کی شہادت اور 27 کے زخمی ہونے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے امن کی خاطر خیرسگالی جذبے کے تحت بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیا ہے۔

بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ تاہم بھارتی پائلٹ کی رہائی کے ساتھ بھارتی فورسز نے ایل اوسی پر کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے۔ ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل اوسی پر مختلف سیکٹرز میں شدید گولہ باری اور فائرنگ کی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور27 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی گولہ باری پر پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے واہگہ بارڈر پر رہائی سے قبل جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا کہ میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کا پائلٹ ہوں۔ میں ٹارگٹ تلاش کررہا تھا کہ میرا جہازہٹ ہوا۔ تو میں ایجیکٹ ہو چکا تھا۔ میرا پیراشوت کھلا ، میں نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی، مجھے اپنا طیارہ چھوڑنا پڑا کیونکہ میرا طیارہ ٹوٹ چکا تھا۔

جہاں میں گرا وہاں لوگ بہت زیادہ تھے۔ میرے پاس ایک ہی راستہ تھا کہ میں نے بھاگنے کی کوشش کی، لیکن میرے پیچھے لوگ آئے تھے ان کا جوش کافی اونچا تھا، اسی دوران پھر آرمی کے لوگ آئے۔ پاک آرمی کے دو جوانوں نے مجھے لوگوں سے بچایا اوراپنے ساتھ لے گئے۔ وہ مجھے اپنی یونٹ میں لے گئے، جہاں مجھے طبی امداد دی گئی۔ پھر مجھے ہسپتال لے جایا گیا۔ میں نے پاکستانی آرمی کے ساتھ وقت گزارا۔ پاک فوج کے رویے سے بڑا متاثر ہوا ہوں۔ پاکستانی آرمی بڑی پیشہ ورانہ فوج ہے۔ ابھی نندن نے کہا کہ انڈین میڈیا ہمیشہ ہر چیز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے ، چھوٹی سی چیز کو آگ اور مرچ مصالحہ لگا کربولتے ہیں۔