شارجہ میں واقع پاکستانی کے چپلی کباب امارات بھر میں مشہور ہو گئے

بُوطینہ کے علاقے العشیہ میں واقع کیفے ٹیریا پر ہر وقت لوگوں کا رش لگا رہتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 مارچ 2019 16:59

شارجہ میں واقع پاکستانی کے چپلی کباب امارات بھر میں مشہور ہو گئے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 مارچ 2019ء ) شارجہ کے علاقے بُوطینہ میں واقع العشیہ کیفے ٹیریا اس وقت امارات بھر میں کھانے کے شوقین لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہاں پر تیار ہونے والے رسیلے اور مزے دار چپلی کبابوں کی خوشبو گاہکوں کو دُور سے ہی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔اس وقت یہ ریسٹورنٹ 31 سالہ حفیظ الرحمن چلا رہا ہے۔ حفیظ نے بتایا کہ وہ شارجہ میں ہی پیدا ہوا۔

دراصل اُس کا باپ محمد لقمان کوہاٹ سے 1974ء میں شارجہ آیا تھا۔ شروع میں وہ یہاں قصاب کا کام کرتا رہا۔ تاہم اُس کا اصل شوق کھانے پینے کے کاروبار سے جُڑا تھا۔ جب محمد لقمان نے دیکھا کہ یہاں دیگر پٹھان بھی کباب بناتے ہیں۔ مگر کباب مہنگے ہونے کے باعث زیادہ تر لوگ انہیں کھانے کے لطف سے محروم ہی رہتے۔

(جاری ہے)

اس پر لقمان نے سستے داموں معیاری کباب فروشی کا ارادہ بنا لیا۔

پٹھان طبقے میں چپلی کباب بہت مقبول ہیں۔ سو اُس نے اپنی ایک ریسپی بنائی جو اُس نے اپنے گھر سے ہی سیکھی تھی اور پھر 1997ء میں تین درہم فی کباب کے حساب سے کاروبار کا آغاز کر دیا۔ اس قیمت میں روٹی کے علاوہ سلادبھی فراہم کیا جاتا ہے۔ آج بیس سال کا عرصہ گزرنے کے بعد اس وقت یہاں چپلی کباب صرف پانچ درہم کے عوض فروخت ہو رہا ہے۔ حقیقت میں یہاں فروخت ہونے والے ہر کباب کا سائز اور چوڑائی آٹھ نمبر کے جوتے کے برابر ہے۔

جو گائے کے تازہ گوشت سے تیار کیا جاتا ہے اور اس میں مزیدار مصالحوں کی خوشبو سے گاہک مسحور ہو جاتے ہیں اور بڑی دُور دُور سے بار بار یہاں آتے ہیں۔ حفیظ الرحمن دوپہر 12 بجے اپنی دُکان کھولتا ہے اور تھوڑی ہی دیر بعد یہاں لوگوں کا تانتا بندھ جاتا ہے جو رات گئے تک بنا رہتا ہے۔ تاہم ان کا کام فجر کی نماز کے وقت سے ہی شروع ہو جاتا ہے جب گوشت کو پیس کر اس میں کٹا ہوا پیاز، مصالے اور دھنیا مرچ وغیرہ شامل کی جاتی ہے۔

دوپہر کے وقت اُس کا چچا اور بڑا بھائی ریسٹورنٹ کا انتظام سنبھالتے ہیں۔ اس کیفے ٹیریا میں مرچیلے، کم مرچیلے اور انڈہ مِلے چپلی کباب پیش کیے جاتے ہیں۔ حفیظ الرحمن کی جانب سے ایک برانچ عجمان میں بھی جلد کھولنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ حفیظ الرحمان کے اس چپلی کباب کے ریسٹورنٹ پر ہر مُلک، تہذیب اور مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آتے ہیں۔ ایک دفعہ شاہی خاندان کا بھارتی خانساماں بھی ان کبابوں کی شہرت سُن کر آیا تھا۔ جس نے اپنی کتاب میں بھی ان کے کیفے ٹیریا کا ذکر کیا۔

متعلقہ عنوان :