بے سہارا بچوں میں سے احساس محرومی ختم کرنے کیلئے سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،سید خورشید احمد شاہ

سید خورشید احمد شاہ نے پاکستان سوئیٹ ہوم سکھر میں حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کردہ آن گرڈ سولر سسٹم اور تین کوسٹرز کا افتتاح کر دیا

پیر 11 مارچ 2019 21:50

بے سہارا بچوں میں سے احساس محرومی ختم کرنے کیلئے سب کو ملکر اپنا کردار ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے پاکستان سوئیٹ ہوم سکھر میںحکومت سندھ کی جانب سے فراہم کردہ آن گرڈ سولر سسٹم (25.8KW)کا افتتاح کردیا اور حکومت سندھ کی جانب سے ملنے والے 3کوسٹرز سوئٹ ہومز کے حوالے کیئے۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب پاکستان سوئیٹ ہوم سکھر میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی سید خورشید احمد شاہ تھے، جبکہ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ ،ڈپٹی میئر سکھر طارق چوہان، ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضی شیخ ، ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں ، پرنسپل کیڈٹ کالج پنوعاقل کرنل ریٹائرڈ جاوید علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان سوئیٹ ہوم سکھر شبیر احمد میمن نے بتایا کہ سوئیٹ ہوم سکھر میں 100بچے رہائش پذیر ہیں جو پبلک اسکول سکھر میں زیر تعلیم ہیں جبکہ تین بچے کیڈٹ کالج پنوعاقل میں پڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے سوئیٹ ہوم کی خدمات اور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا ۔اس موقع پر مہمان خصوصی سید خورشید احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچوں میں احساس محرومی کے خاتمے کے لئے سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، یتیم بچوں کو سہارا دینا پی پی کے منشورمیں شامل ہے ، حکومت سندھ سوئیٹ ہومز میں رہائش پذیر فرشتوں کی بہتر تربیت اور تعلیم کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور پاکستان سوئیٹ ہوم کی تعمیر کا خواب محترمہ شہید بینظیر بھٹو کا تھا جسے پی پی حکومت نے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ، سندھ میں قائم پی پی کی حکومت نے سوئیٹ ہومز میں رہائش پذیر فرشتوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اس ضمن میں حکومت سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔

قبل ازیں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ اور دیگر مہمانوں نے پاکستان سوئیٹ ہومز سکھر کی اسٹیٹ آف دی آرٹ لائبریری ، کچن ، ٹی وی لاؤنج اور مختلف رومز کا معائنہ کر کے رہائش پذیر بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا۔