سانگھڑ پولیس کی بروقت کاروائی جھول سے لاپتہ ہونے والے تین نوجوان پولیس نے نواب شاہ سے بازیاب کروالئے

منگل 12 مارچ 2019 23:19

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2019ء) سانگھڑ پولیس کی بروقت کاروائی جھول سے لاپتہ ہونے والے تین نوجوان پولیس نے نواب شاہ سے بازیاب کروالئے۔ تفصیلات کے مطابق چار روز قبل جھول سے تین نوجوان دانیال بھیل ڈیون بھیل اور بلال بھیل لاپتہ ہوگئے تھے۔ ورثا نے اغوا کا شک ظاہر کیا تھا جس پر ایس ایس پی سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او جھول مشتاق احمد عالمانی کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا جس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے بچوں کے ورثا سے رابطہ کیااورٹیم تشکیل دی ٹیم نیجعفر لغاری اور لانڈھی وغیرہ میں چھاپے مارے اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو نواب شاہ میں ٹریس کرکے بازیاب کرلیا۔

ایس ایس پی آفس سانگھڑ میں ایس ایچ او جھول نے نوجوانوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا، نوجوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ وہ دوستوں کے ساتھ اپنی مرضی سے کراچی گھومنے کی غرض سے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان نوجوانوں کے ورثا اور ہندو پنچائیت کے صدر راجیش کمار ہرداسانی بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی سانگھڑ ذیشان شفیق صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور ایسے کسی بھی واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں، تاکہ کسی سنگین واقعے کے رونما ہونے سے قبل ہی کاروائی کی جاسکے۔

موقع پر موجود نوجوانوں کے ورثا نے ایس ایس پی سانگھڑ کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کے تعاون اور کارکردگی کو سراہا۔