بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں امن وامان کی بحالی سرفہرست ہے،جام کمال خان

ج* ہماری کوشش روز اول سے جاری جس کی خاطر خواہ کامیابی سب پر عیاں ہے / بلوچستان حکومت نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی تربیت ودیگر معاملات کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں ، وزیراعلی بلوچستان

جمعرات 14 مارچ 2019 22:03

بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں امن وامان کی بحالی سرفہرست ہے،جام کمال ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں امن وامان کی بحالی سرفہرست ہے، اس سلسلے میں ہماری کوشش روز اول سے جاری ہے جس کی خاطر خواہ کامیابی سب پر عیاں ہے۔ بلوچستان حکومت نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی تربیت ودیگر معاملات کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں منعقدہ نویں بنیادی اے ٹی ایف کورس اور اے ایس آئی پروبیشنر کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ ، پولیس حکام واہلکاران اور کیڈٹس کے والدین بھی موجود تھے، وزیراعلی نے کہا کہ حکومت نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں بہتری لانے ، پولیس کو جدید ترین اسلحہ وآلات سے لیس کرنے اور اعلی تربیت مہیا کرنے کے لئے ہرممکن معاونت مہیا کی ہے اور اس ادارے کے بڑھتے ہوئے معیار وکارکردگی کی مظہر آج کی یہ پروقار تقریب ہے جس میں بلوچستان پولیس اور BCکے جوان ATF کی تربیت اور پروبیشنزاے ایس آئی کے جوان بنیادی تربیت حاصل کرکے پاس آٹ ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے صوبے میں عوام کی جان ومال کی حفاظت اور امن عامہ کے قیام کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پولیس فورس کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کی روک تھام کے لئے بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پولیس اپنی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قیام امن اور عوام کی حفاظت کیلئے مزید چوکس اور تیار رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے پاس آٹ ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کامیابی سے مکمل کی ہے اور اسکول کے افسران اور انسٹرکٹرز بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی بھرپور محنت اور لگن سے انہوں نے انسداد دہشت گردی میں اعلی درجے کی ٹریننگ مکمل کرنے کا ہدف حاصل کیا، وزیراعلی نے کہا کہ اس تربیت کی بدولت پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اپنے اپنے اضلاع میں بہترین طریقے سے سرانجام دے سکیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ اس تقریب میں ٹریننگ کا معیار اور جوانوں کا سمارٹ ٹرن آٹ دیکھ کے انہیں دلی مسرت ہوئی ہے جنہوں نے معاشرے میں ایک منفرد اور معزز پیشے کا انتخاب کیا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ عوام کی جان ومال اور عزت وآبرو کا تحفظ پولیس کا فرض ہے ایک اچھا پولیس آفسر بننے کے لئے بہترین تربیت بنیادی اہمیت کی حامل ہے، بلوچستان کے مخصوص حالات اور چیلنجر کا سامنا کرنے کے لئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو بہترین طریقے سے تیار کیا گیا ہے،وزیراعلی نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران انسانی حقوق کا احترام او ر ہر شہری کی عزت نفس کا خیال رکھنا بھی لازم ہے، پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس عوام کے محافظ اور مددگار بن کر اپنے محکمے کا نام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ وہ اس اہم موقع پر پولیس کے تمام شہدا اور زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں جان کی پرواہ نہ کی، وزیراعلی نے کہا کہ یہ تقریب ادارہ کے اعلی تربیتی معیار اور افسران وتربیتی عملے کی محنت اور لگن کا مظہر ہے اور ایسے ادارے یقیناہمارے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں جو اپنی کارکردگی کے ذریعہ پولیس کی تربیتی ضرورتوں کو پورا کررہے ہیں جس کے لئے وہ آئی جی محسن حسن بٹ او رکمانڈنٹ اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) اسد فاروق کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اورانہیں یقین ہے کہ پولیس فورس اپنے فرائض کی بجاآوری میں پیشرفت جاری رکھے گی اور ملک وقوم کے دشمنوں کاڈٹ کا مقابلہ کرتے ہوئے انہیں کیفرکردار تک پہنچائے گی۔

قبل ازیں تقریب کے دوران انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے متاثر کن مظاہرے پیش کئے، وزیراعلی نے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور انہیں کیڈٹس نے سلامی پیش کی، وزیراعلی نے دوران تربیت اعلی تربیت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے، تقریب سے آئی جی پولیس محسن حسن بٹ نے بھی خطاب کیاجبکہ ٹریننگ اسکول کے کمانڈنٹ کرنل ریٹائرڈ اسدفاروق نے ادارے کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر مبنی سپاسنامہ پیش کیا۔ بعدازاں وزیراعلی نے پولیس کو فراہم کئے گئے جدید اسلحہ کا معائنہ بھی کیا اور انہیں ادارے کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔