موسم بہار شجر کاری مہم 2019 کے مو قع پر پاک بحریہ کے سربراہ کا پیغام

جمعہ 15 مارچ 2019 02:48

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ 2019ء) موسم بہار کی شجر کاری مہم قدرت سے تعلق مضبوط کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ سماجی اقتصادی ترقی اور پائیدار ایکو سسٹم کےلئے جنگلات کا اُگاﺅ نہایت ہی اہم ہے۔ درخت کئی بر سوں سے خوراک اور ذریعہ معاش کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے منفی اثرات کو روکنے میں بھی کلیدی کردار کے حامل رہے ہیں۔

سرسبز و شادابی کو فروغ دینے کی کاوشوں کے باوجود آبادی میں اضافے، شہروںمیں آباد ہونے کے رجحان، ذرعی وسعت اور صنعتی پھیلاﺅ نے ماحول کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ تاہم یہ ضروری ہے کہ جنگلات میں واقع ہونے والی کمی کو منظم اقدامات سے پورا کیا جائے۔ پاکستان میں شجر کاری کی مہمات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ رواں سال جنوری فروری میں پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس سیزن کے دوران گزشتہ20 سالوں کے دوران ہونے والی بارشوں کی اوسط سے زیادہ بارشوں کا امکان تھا ۔

(جاری ہے)

مزید براں، گزشتہ دو مسلسل موسمِ سرما میں مارگلہ کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے ۔ صحت مند ماحول کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے اور حکومتِ پاکستان کے اقدام ”پاکستان کے لیے درخت لگاﺅ“ کی روشنی میں پاک بحریہ نے گزشتہ تین سالوں کے دوران ساحلی پٹی میں مینگرووزکے چالیس لاکھ(400,00,00) پودے اُگائے اور پاکستان بھر میں واقع پاک بحریہ کی یونٹس نے سات لاکھ(700,000)درخت لگائے۔

اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے الحمداللہ میں آج میںپاک بحریہ میںشجرکاری مہم2019کا آغاز کر رہا ہوں۔اس مہم کے دوران ”سرسبز پاکستان“ میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاک بحریہ کے تمام یونٹس ہزاروں کی تعداد میں پودے لگائیں گیں۔ آیئے ، اس اہم دن کے موقع پر ہم خود سے اور اپنے بچوںسے ماحول کو محفوظ بنانے کا عہد کریں جو کہ اللہ سبحانہُ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ میں تمام ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس نیک مقصد میں پاک بحریہ کا ساتھ دیں اور صاف ستھرے اور بہتر ماحول کو ممکن بنانے کے لئے کم از کم ہر فردایک درخت لگانے کا عہد کرے۔ آئےے اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے اور اپنی مستقبل کی نسلوں کے لئے سب مِل جُل کر کوششیں کریں۔

متعلقہ عنوان :