ماں باپ کی قبر پر جانے والی خاتون کو قبر نے کھینچ لیا

واقعہ کے بعد مجھے مسلسل ڈراؤنے خواب آتے ہیں، خوف کے باعث اپنے والدین کی قبر پر حاضری کے لیے بھی نہیں جاتی۔ متاثرہ خاتون جوان کولن

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر پیر 18 مارچ 2019 21:47

ماں باپ کی قبر پر جانے والی خاتون کو قبر نے کھینچ لیا
نیو یارک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 مارچ 2019ء) ماں باپ کی قبر پر جانے والی خاتون کو قبر نے اپنے اندر کھینچ لیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے مسلسل ڈراؤنے خواب آتے ہیں، خوف کے باعث اپنے والدین کی قبر پر حاضری کے لیے بھی نہیں جاتی۔ تفصیلات کے مطابق جوان کولن نامی امریکی خاتون نیو یارک شہر کے مضافاتی علاقے لانگ آئی لینڈ میں اپنے والدین کی قبر پر حاضری کے لیے گئی تو اس کے ساتھ ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس نے اس کو حواس باختہ کر دیا۔

برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ کے مطابق جیسے ہی خاتون گھٹنے ٹیک کر قبر کے پاس بیٹھنے کے لیے جھکی تو وہاں ایک گڑھا پیدا ہو گیا اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے خاتوں کو کمر تک اپنے اندر کھینچ لیا، اس واقعہ نے خاتون کو کافی خوفزدہ کر دیا۔

(جاری ہے)

خاتون کے وکیل جوزف پیرینی کا کہنا تھا کہ اپنے ہی والدین کی قبر میں دھنس جانا جبکہ آپ ایک سرد شام کو عین غروب آفتاب کے وقت وہاں حاضری پر جائیں کافی خوفناک اور مجروح کر دینے والا عمل ہے۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس قدر غیر متوقع تھا کہ خاتون کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ ملا اور ان کا سر بری طرح قبر کے کتبے سے ٹکرایا جس کے باعث خاتون کا دانت ٹوٹ گیا۔ متاثرہ خاتون نے اپنی وکیل کے ذریعے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ان کے ساتھ یہ واقعہ 2016ء میں دسمبر کے مہینے میں پیش آیا تھا جس کے بعد سے آج تک وہ اپنے والدین کی قبر پر نہیں جا سکیں ہیں، اس ناخوشگوار اور لرزہ خیز واقعے کے بعد مجھے مسلسل ڈراؤنے خواب آتے ہیں، ان خوابوں کی وجہ سے میری کیفیت یہ ہو گئی ہے کہ کونسلنگ تک کی نوبت آ گئی ہے۔

اپنے ساتھ پیش آنے والے اس نا خوشگوار واقعے کے بعد خاتون نے کوئینز سپریم کورٹ میں ایک دعویٰ بھی دائر کیا، یہ دعویٰ 5 ملین ڈالر ہرجانے کا ہے جو کہ قبرستان کی انتظامیہ کے خلاف ان کی ناقص کارکردگی پر دائر کیا گیا ہے۔