ہالینڈ فائرنگ واقعے کا ڈراپ سین، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی نکلا

ترک نژاد شخص نے ہم وطن سابق گرل فرینڈ پر فائرنگ کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 12:50

ہالینڈ فائرنگ واقعے کا ڈراپ سین، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی نکلا
ہالینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : ہالینڈ کے شہر یوتریخت میں فائرنگ کے واقعہ کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ہالینڈ کے شہر یوتر یخت میں ایک شخص نے گذشتہ روز ٹرام پر جو فائرنگ کی وہ ذاتی دشمنی کی بنا پر کی گئی تھی۔ ترک نژاد شخص نے ہم وطن سابق گرل فرینڈ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ خطرے کا لیول کم کر دیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایاکہ 37 سالہ مشتبہ حملہ آور ترک نژاد گوکمین تانس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہالینڈ کے شہر یوتر یخت میں ٹرام فائرنگ کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی، مشتبہ حملہ آور کی گرفتاری کے بعد شہر میں خطرے کا لیول انتہائی سطح سے کم کردیا گیا اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی واپس لے لی گئی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ روز نیدرلینڈ کے شہر یوتر یخت میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی تھی ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک مسلح شخص نے آؤڈن ریجن اسپتال کے پاس فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچی لیکن ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ فائرنگ کے بعد آس پاس موجود ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پولیس نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ نامعلوم ملزم نے ٹرام میں سوار مسافروں پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے واقعہ کے بعد یوتریخت شہرسے باہر ایک ٹرام اسٹیشن کےاسکوائرکوخالی کروالیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں بھی اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 50 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔